گزشتہ د نوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر ایک جامع بریفنگ دی گئی جس میں سینئر سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام نے بھی شرکت کی۔
اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ شہیدوں کی نمازِ جنازہ بھی ادا کی اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ میں زخمی فوجیوں کی عیادت کی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے اس موقع پر کہا کہ وہ لوگ جو اپنے غیر ملکی آقائوں کے دہشت گرد پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں، جو دوہری چال چل کرشکاری کے ساتھ شکار کرنے اور خرگوش کے ساتھ دوڑنے کے فن کے ماہر ہیں، سب ہمارے علم میں ہیں۔
اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ نام نہاد دوست نما دشمن(فرینیم) (Frenemies)کچھ بھی کریں، ان کو ہماری قابل فخر قوم اور اس کی مسلح افواج کی قوت سے شکست ضرور ملے گی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی سے لڑنے کے لیے فوج، فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں صوبائی حکومت کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
تبصرے