ہر سال یومِ پاکستان اس عزم اور اُمید سے منایا جاتا ہے کہ 23مارچ1940 کو منٹو پارک لاہور میں جس مقصد کے لیے قرار داد منظور کی گئی، برِصغیرکے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کے لیے جدو جہد کا آغاز کیا گیا اور پھر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں صرف سات برس کے مختصر عرصے میں مسلمانانِ ہند، پاکستان کی صورت میں الگ وطن کے حصول میں کامیاب ہوگئے، اس کی تکمیل اور خوشحالی کے لیے عزمِ نو کا اظہار کیاجائے۔
آج کا پاکستان الحمداللہ ایک ترقی کرتا ہوا خوشحال اور مضبوط پاکستان ہے جس کا مستقبل بہت تابناک ہے۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہمیں اس وطن کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پرنہایت اہم اور موثر کردار ادا کرنا ہے۔ شاعرِ مشرق علامہ اقبال نے قوم کے ہر فرد کو ملت کے مقدر کا ستارہ قرار دیا تھا۔ الحمد اللہ، پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جو ایک ایٹمی طاقت ہے۔ اس کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہیں۔ جس طرح پاکستان نے دشمن کی جارحیتوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے، اُسی طرح پاکستان نے دوسرے شعبوں میں بھی وقار اور عزت کمائی ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی مختلف محاذوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔ لیکن پاکستان بطور ریاست، ان مشکلات اور چیلجز پر قابو پانے کا عزم رکھتا ہے۔ مشکلات اور کٹھن مرحلے ہر قوم کو درپیش رہتے ہیں اصل چیز قوم کا وہ عزم اور جذبہ ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ ان کٹھن مراحل پر قابو پاتی ہیں۔ ایسے میں قوم اور عوام کو اپنی سوچ اور سمت دونوں کو مثبت رکھنا ہوتا ہے۔ ہمیں آزادی کی قدرو قیمت کا بخوبی اندازہ ہونا چاہیے کہ الگ اور خود مختار ریاست نعمت خداوندی ہوا کرتی ہے ۔اس کے طفیل شہریوں کو تحفظ اور آزادی ملتی ہے اور اس سے مطابقت رکھتی ہوئی بے شمار نعمتیں ایسی ہیں جن کا شاید شمار کرنا بھی محال ہے۔
ہرسال منائے جانے والے یومِ پاکستان کا بھی یہی پیغام ہے کہ ہم اللہ کریم کی دی گئی اس نعمت کا شکر ادا کریں اور اس کی مضبوطی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں جس طرح سے مسلمانوں کو بطور اقلیت ظلم و ستم کا شکار بنایا جاتا ہے وہ پوری دنیا جانتی ہے۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں، بھارتی افواج اور ریاست جس طرح سے جبر اور طاقت کے زور پرکشمیریوں کی آزادی سلب کیے بیٹھے ہیں وہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اس کے برعکس آزاد کشمیر کے شہریوں کو ہر وہ سہولت میسر ہے جو پاکستان کے دیگر شہریوں کو حاصل ہے۔ یوں پاکستان میں ہمارے کشمیری بھائی ہندوئوں کے استحصال سے محفوظ ہیں اورپاکستان کے ساتھ مل کر جدوجہد آزادی کشمیر کے لیے تگ و دو کررہے ہیں۔
آئیے ہم سب مل کر اس ''یومِ پاکستان'' پر یہ عزم کریں کہ وطنِ عزیز کو درپیش ہر چیلنج سے نکالنے کے لیے اپنا بھرپور کردارادا کریںگے اور اس کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنا کر دم لیں گے۔
تبصرے