گزشتہ دنوں کمانڈر سدرن کمانڈ وملتان کور لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز نے بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان کے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ خصوصی نشست منعقد کی۔نشست کا آغاز جی او سی ملتان گیریژن کے خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے قیام پاکستان اور استحکام پاکستان سے متعلق مختلف پہلوؤں پر مفصل روشنی ڈالی۔سوال و جواب کے سیشن میں کور کمانڈر ملتان نے طلباء کو پاکستان کا روشن مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودگی ہی ہماری شناخت ہے۔ ہمارے ہر عمل کو پاکستان اور ریاستی مفادات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے طلباء کو محنت، خوداعتمادی اور علامہ اقبال کے شاہین بننے کا درس دیا، ساتھ ہی عصر حاضر کے چیلنجز کا ذمہ داری سے سامنا کرنے پر زور دیا۔ طلباء اور اساتذہ نے اس نشست کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اسے نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔
طلباء نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج کے خلاف پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے حوالے سے آج تمام ابہام دور ہو گئے ہیں۔ براہِ راست مکالمے سے ہمیں پاک فوج کے کردار اور پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کی اہمیت کے بارے میں حقیقی آگاہی ملی ہے۔ کور کمانڈر نے جس مدلل اور باوقار انداز میں سوالات کے جوابات دیے، وہ طلباء کے لیے نہایت حوصلہ افزا ثابت ہوئے۔
طلباء نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس طرح کے سیشنز مستقل بنیادوں پر منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوانوں اور پاک فوج کے درمیان فاصلے کم ہوں اور غلط فہمیاں ختم ہوں۔ اس نشست نے واضح کر دیا کہ پاکستان کے نوجوان، خصوصاً طلبائ، ملک کی حفاظت اور ترقی میں پاک فوج کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔نشست کے بعدطلبا کو مختلف سٹالز پرموجود جدید جنگی ساز و سامان اور مواصلاتی آلات سے روشناس کروایا گیا۔جس نے ان کے دلوں میں جذبہ حب الوطنی کو مزید تقویت دی۔
تبصرے