ملٹری کالج جہلم میں کیڈٹس میں جذبۂ حب الوطنی پیدا کرنے اور اپنی تاریخ سے آگاہی کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں یوم اقبال کے موقع پر ملٹری کالج جہلم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈانٹ ملٹری کالج جہلم بریگیڈئیر عمران صدیق تھے۔ تقریب میں کیڈٹس کے علاوہ ایم ۔ سی۔جے میں رہنے والے آفیسرز کی فیملیز نے شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔تقریب کا انعقاد شعبہ مطالعہ پاکستان اور شعبہ اردو کے آفیسرز ، انسٹرکٹرمیجر ارشد، میجر سائرہ ، کیپٹن وردہ اور مس شازیہ کی زیر نگرانی ہوا ۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ قرآن پاک کی تلاوت کی سعادت کیڈٹ ''عبدالرحمن'' نے حاصل کی۔اس کے بعد کیڈٹ ''سرمد ''نے ''علامہ اقبال کی زندگی اورافکار'' کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے علامہ کی شاعری کے''فلسفہ خودی اور فلسفہ عشق''پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد کیڈٹ'' ریحان اور کیڈٹ بلال '' نے خوبصورت انداز میں کلام اقبال پیش کیا ۔
''کیڈٹ معیز ، کیڈٹ طہ ،کیڈٹ ضیا ،کیڈٹ عمر اور کیڈٹ حسنین نے '' اے پیارے لوگو! سجدے میں جا کر مانگو دعا یہ خدا سے''ملی نغمہ پیش کیا ۔
کیڈٹ عبدالرحمن اور کیڈٹ معیز نے تحت اللفظ میں ''شکوہ اور جواب شکوہ '' کے چند بند پیش کیے ۔ حاضرین محفل نے ان کی اس کاوش کو خوب سراہا۔
آرمی پبلک سکول سرائے عالمگیر کے ایک طالب علم ''محمدعبداللہ عمران''نے ''میرے وطن! یہ عقیدتیں اور پیار تجھ پہ نثار کردوں'' ملی نغمہ گا کر خوب داد سمیٹی۔ اس تقریب کی سب سے خاص بات علامہ محمد اقبال کی مشہور نظم ''بڈھے بلوچ کی نصیحت اپنے بیٹے کو '' ٹیبلو کی صورت میں کیڈٹ عبداللہ اور کیڈٹ سلال نے بہت خوبصورت آہنگ میں پیش کر کے حاضرین سے خوب داد و تحسین وصول کی ۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: شازیہ کامل)
تبصرے