چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کے زیر کفالت بچوں نے اپنے اساتذہ کے ساتھ ملتان گیریژن کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ ایک یادگار دن گزارا۔ بے سہارا اور لاوارث بچوں کی دیکھ بھال، بحالی اورتعلیم و تربیت کے لیے حکومت پنجاب نے مارچ 2004ء میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو قائم کیا۔ اپنی خدمات کو وسیع کرنے کے لیے بیورو نے فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں ادارے قائم کیے ہیں، جہاں بے سہارا بچوں کو ضروری سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔پاک فوج کی جانب سے ان بچوں کو ملک کی خدمت اور فوج کی روزمرہ کی سرگرمیوں سے متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا گیا۔دورے کے دوران بچوں کو پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عسکری صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بتایا گیا، جس نے ان کے دلوں میں قومی خدمت اور جذبے کو مزید مستحکم کیا۔مختلف اسٹالز پر بچوں کو چھوٹے ہتھیاروں اور آلات سے روشناس کروایا گیا، جس سے ان کی دلچسپی اور جوش میں اضافہ ہوا۔ بعد ازاں، چمن زر پارک ملتان میں بچوں نے جھولوں کا لطف بھی اٹھایا۔ بچوں نے پاک فوج کی قربانیوں اور عزم کو سراہا اور وطن کی خدمت کا عہد کیا۔
تبصرے