ایک دن عرفان اپنے کچن میں کھڑا کچرے کے ڈھیر کو دیکھ رہا تھا۔ پلاسٹک کی بوتلیں، چپس کے پیکٹ اور استعمال شدہ ٹشو پیپرز نے اس کے ذہن میں یہ سوال پیدا کیا کہ آخر یہ کچرا کہاں جاتا ہے؟ وہ ہر روز یہ کچرا پھینکتا ہے مگر کیا یہ واقعی ختم ہو جاتا ہے؟ عرفان نے فیصلہ کیا کہ وہ اس بارے میں ضرور جانے گا تاکہ اپنے ماحول کی حفاظت کے لیے کچھ کرسکے۔
یہیں سے ایک ایسے سفر کا آغاز ہوا جس نے اسے اپنے ماحول کے بارے میں کافی آگاہی دی۔
سب سے پہلے عرفان نے ’’زیروویسٹ لائف اسٹائل ‘‘ کے بارے میں سمجھنا شروع کیا۔اس نے اپنے امی ابو سے بات کی۔پھر کلاس میں ٹیچر کے سامنے یہ سوال اٹھایا تو اسے معلوم ہو اکہ زیروویسٹ لائف اسٹائل ایک ایسا طرز زندگی ہے جس میں چیزوں کو ضائع کرنے کے بجائے انہیں دوبارہ قابل استعمال بنایا جاتا ہے۔ اس کے لیے یہ بات نئی تھی کہ چیزوں کو مرمت کر کے دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے یا پھر ری سائیکلنگ کے ذریعے چیزوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اسے یہ سب دلچسپ لگا۔ اگلے دن وہ اپنی پڑھائی سے فارغ ہو کر گوگل کی اسکرین کے سامنے بیٹھا تھا۔ اس نے وہاں سرچ کیا تو اسے ایک ایسا کلیہ مل گیا جس پر عمل کر کے اپنےارد گرد کے ماحول اور طرز زندگی کو تیزی کے ساتھ بدل کر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ وہ کلیہ تھا 5Rsحکمت عملی۔
اس نے مزید کھوج لگایا تو اسے معلوم ہوا ہے کہ اگر پانچ Rs پر عمل کیا جائے تو زیروویسٹ لائف اسٹائل اس کے گھر،گلی، محلے اور شہر کو ہی نہیں بلکہ سارے ملک اور دنیا پر اچھے اثرات مرتب کرسکتا ہے کیونکہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر کو ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور زیروویسٹ کے تمام اصول ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
زیرویسٹ کا پہلاR .... Refuse تھا۔ یعنی انکار کریں۔ اس کا مطلب ہے ایسی چیزوں کا استعمال چھوڑ دینا یا اسے کم کر دینا جو ایک بار ہی استعمال ہوتی ہیں جیسا کہ پلاسٹک کے بیگز اور اسٹرا وغیرہ۔ عرفان نے عملی طور پر ایسی چیزوں سے انکار کرنا شروع کردیا۔
دوسراR .... Reduce تھا۔ یعنی کم کریں۔ عرفان نے غیر ضروری اشیاء کی خریداری کم کر دی اور ہمیشہ ایسی چیزیں خریدنے کو ترجیح دی جن کی پیکنگ بہت زیادہ نہ ہو۔
تیسراR .... Reuse تھا۔ یعنی دوبارہ استعمال کریں۔ عرفان نے قابل استعمال متبادل ڈھونڈنے شروع کر دیے۔ وہ شاپر بیگ کی جگہ کپڑے کے تھیلے کا استعمال کرنے لگا ۔اس نے اپنے اسکول بیگ کو بھی دھو کر استعمال کرنا شروع کیا۔
چوتھاR .... Recycle کے بارے میں تھا۔ اس کا مطلب ہے ایک چیز کو استعمال کرکےدوبارہ استعمال میں لانا۔ اس نے جان لیا تھا کہ کون سی چیزیں ری سائیکل ہو سکتی ہیں جیسا کہ پلاسٹک یا شیشہ ۔
پانچواں R .... Rotتھا۔ یعنی کمپوسٹ بنانا۔ اس اصول پر عمل کر کے وہ اپنے گھر کے لان میں لگی سبزیوں کے گلے سڑے پتوں ، شاخوںاور پھلوں کے چھلکوں سے کھاد بنانے لگا۔
اس نے ان اصولوں پر عمل کیا تو زیروویسٹ لائف اسٹائل آہستہ آہستہ اس کی زندگی کا حصہ بننے لگا۔ اب اس نے اپنے دوستوں کو بھی اس کی ترغیب دینا شروع کی۔ جب انہیں اس کے بارے میں معلوم ہوگیا تو وہ مل جل کر خود بھی اس پر عمل کرتے اور دوسروں کو بھی آگاہ کرتے۔
انہوں نے غیر ضروری اشیاء سے نجات حاصل کی اور اپنی زندگی کو سادہ بنا لیا۔اب وہ کم مگر معیاری چیزیں خریدتے تھے۔ انہوں نے سیکھا کہ عمل سے ہی اپنے گھر اور معاشرے کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔عرفان اور اس کے دوست جب بھی بازار جاتے ، وہ اپنے ساتھ کپڑے کا تھیلا ضرورلے کر جاتے۔
انہوں نے بہت ساری ضائع شدہ چیزوں کو بھی استعمال کے قابل بنا لیا۔وہ ٹوٹے ہوئے فرنیچر کو مرمت کروا کر استعمال کرنےلگیں۔اسی طرح انہوں نے بہت ساری چیزوں کو کباڑ کی نظر کرنے کے بجائے مرمت کروا لیا جو پہلے سے بھی زیادہ بہتر نظر آنے لگی تھیں۔
اس طرح عرفان اور اس کے دوستوں نے مل کر زیروویسٹ لائف اسٹائل اپنا کر ماحول دوستی کا ثبوت دیا۔ ان کے عملی اقدامات سے گھر، گلی اور محلے میں کچرے میں کمی آئی جس کی وجہ سے ان کے ارد گرد کا ماحول اچھا ہونے لگا۔ عرفان کے لیے زیروویسٹ انداززندگی اپنانا کسی نعمت سے کم نہ تھا۔ چھوٹے چھوٹے اقدامات اور مستقل مزاجی سے اس نے اپنے اندر ایک بڑی تبدیلی پیدا کی۔اس طرح وہ دوسروں کے لیے ایک مثال بن گیا۔
تبصرے