نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)متعدد قومی اور بین الاقوامی زبانیں سکھانے کے ساتھ ساتھ مختلف جدید علوم کی تدریس میں بھی گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ اس یونیورسٹی نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا ایک منفرد مقام بنایا ہے ۔
ابتدائی طور پر مسلح افواج کے افسران اور دوسرے سرکاری ملازمین کو مختلف زبانیں سکھانے کے لیے1969ئمیں راولپنڈی میں انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن لینگویجز کی بنیاد رکھی گئی جس میں چار زبانوں ) عربی ، فرانسیسی ، انگریزی اور ہندی)کی تعلیم دی جاتی تھی لیکن 1972ء میں مزید زبانوں کی تدریس بھی شروع کر دی گئی اور اسے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ اس ادارے کو مئی2000ء میں یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے نام سے وفاقی چارٹر یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا ۔ اب اس کے مختلف کیمپس لاہور ، فیصل آباد، کراچی ، ملتان ، کوئٹہ ، پشاور ، راولپنڈی ، حیدرآباد اور میر پور میں قائم کر دئیے گئے ہیں ۔ اس کے چانسلر صدر پاکستان جبکہ اس کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین چیف آف دی آرمی سٹاف ہیں ۔ اس کے موجودہ ریکٹرمیجر جنرل (ریٹائرڈ)شاہد محمود کیانی اور ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر شہزاد منیر ہیں ۔ یونیورسٹی ہذا میں اب اکیس مختلف زبانوں میں فنکشنل سے لے کر پوسٹ گریجوئیٹ لیول تک تعلیم دی جاتی ہے جو بذات خود ایک اعزاز ہے ۔
نمل یونیورسٹی کے قیام کا بنیادی مقصد ایک ایسا کلیدی ادارہ بننا ہے جو ملکی اور غیر ملکی طلبا کو مختلف زبانوں میں مکمل مہارت دے سکے اور ان میں جدید علوم کی تحقیق و جستجو کو پروان چڑھا سکے ۔
نمل یونیورسٹی کی عمارت جدید طرز تعمیر کا ایک عمدہ شاہکار ہے اور اس میں بہت سے درخت لگا کر ماحول کو انتہائی سرسبز و شاداب اور خوشگوار بنا دیا گیا ہے ۔ اس کے دلفریب مناظر آنکھوں کو خیرہ کرتے ہیں ۔ نمل یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ایک انتظامی بلاک اور نو اکیڈمک بلاک ہیں جنہیں عظیم شخصیات کے ناموں سے منسوب کیا گیا ہے ۔
نمل یونیورسٹی میں پانچ نمایاں فیکلٹیز ہیں جن میں فیکلٹی آف لینگویجز ، فیکلٹی آف منیجمنٹ سٹڈیز ، فیکلٹی آف سوشل سائنسز ، فیکلٹی آف دی انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنسز اور فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز شامل ہیں ۔
یونیورسٹی میں کئی بین الاقوامی ادارے ،سنٹرز اور چیئرز بھی کام کر رہے ہیں جن کا بنیادی مقصد مختلف زبانوں کی ترویج و تحقیق ہے۔ ان میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ چائنا ، ایریا اسٹڈیز سنٹر چائنا ، ایرانولوجی سنٹر ایران، کنگ سی جانگ انسٹیٹیوٹ ری پبلک آف کوریا ، یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ترکی ، بیلا روسین لینگویجز اینڈ کلچر چیئر بیلا روس اور جین مونٹ چیئر یورپ شامل ہیں ۔
نمل یونیورسٹی خاص طور پر زبانوں کی تعلیم و تدریس کے لیے معروف ہے لیکن دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق اس میں جدید علوم کی تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔ اس یونیورسٹی، نے طلبا کی سہولت اور ڈسپلن کے قیام کے لیے مختلف پالیسیاں بھی وضع کی ہیں جن میں نمل پالیسی فار سٹوڈنٹس ود ڈسیبلیٹز(2021ئ)،نمل پالیسی آن پروٹیکشن اگینسٹ سیکشوئل ہراسمنٹ 2020)ئ( ایچ ای سی پالیسی آن پروٹیکشن اگینسٹ سیکشوئل ہراسمنٹ 2020) ئ)ہینڈ آئوٹ ہراسمنٹ پالیسی 2020) ئ)، اسیسمنٹ ایگزمینیشن اینڈ ایڈمشن پالیسی کووڈ19 ، نمل آن لائن ایجوکیشن پالیسی ، پالیسی گائیڈ لائنز فار انٹرنیشنل لنکیجز 2017) ئ)، نمل رائٹ آف ایکسس ٹو انفارمیشن پالیسی 2018 )ئ)، کنفلکٹ آف انٹرسٹ پالیسی 2023) ء (انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس پالیسی2020) ء ( ایگزامینیشن رولز (2023) اور ایس او پیز شامل ہیں ۔
2023ء کی ریٹنگ کے مطابق نمل یونیورسٹی پاکستان میں40 ویں اور دنیا بھر میں 4948 ویں رینکنگ پر ہے اور یہ یونیورسٹی 96 ریسرچ ٹاپک بھی سکور کر چکی ہے ۔ نمل یونیورسٹی کے شائع کردہ جرنلز میں البیصرہ ، دریافت ، نمل جرنل آف کریٹیکل انکوائری ، جرنل آف ریسرچ ان سوشل سائنسز ، نمل انٹر نیشنل جرنل آف بزنس اینڈ منیجمنٹ ، نمل انٹرنیشنل جرنل آف انجئیرنگ اینڈ کپیوٹنگ ، پولی گلاٹ ) جرنل آف لینگوئج ، کلچر اور ٹرانسلیٹ سٹڈیز ) شامل ہیں ۔
اس یونیورسٹی میں عصر حاضر کے سیاسی اور جغرافیائی چیلنجز اور سماجی و ثقافتی ترقی کے مطالعہ اور جائزہ کے لیے مختلف دانشورانہ اور تعلیمی فورم قائمکیے گئے ہیں جن میں نمل ڈائیلاگ فورم ، سنٹر فار ریجنل سٹڈیز ، سنٹر فار ریسرچ آن لینگویجز اینڈ کلچر ، سنٹر فار ملٹی ڈسپلنری ریسرچ ، نمل رائٹرز فورم اور نمل محفل فورم شامل ہیں نمل یونیورسٹی میں طالبعلموں کو پانچ اقسام کے سکالرشپس دئیے جاتے ہیں جن میں ایچ ای سی نیڈ بیسڈ سکالرشپ پروگرام ، سکالرشپ بائے پاکستان بیت المال ، نمل سپورٹ فنڈ ، ٹیلنٹڈ ینگ سائنٹنس وزیٹنگ پروگرام اور نمل میرٹ سکالرشپ شامل ہیں ۔
نمل یونیورسٹی میں تعلیمی وظائف کا بہت بڑا نیٹ ورک ہے۔ مالی سال دوہزار اکیس اور بائیس میں طلبا کو 111 ملین روپے کے سکالرشپس دئیے گئے ، طلبا کو ایچ ای سی بیسڈ تینتیس اعشاریہ 36ملین روپے ، 521طلبا کو احساس انڈر گریجویٹ اٹھاون اعشاریہ زیرو چھ ملین روپے ، 630 طلبا کو میرٹ چار اعشاریہ بتیس ملین روپے کے سکالر شپس دئیے گئے جبکہ معذور طلبا ، شہدا ء کے لواحقین اور سپورٹس کی بنیاد پر پاکستان بیت المال سے آٹھ سکالرشپس دئیے گئے ۔
یونیورسٹی نے طلبا و طالبات کو آڈیٹوریم ، بوائز اور گرلز کے لئے الگ الگ ہاسٹلز ، تیس بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ ، میڈیکل روم ، سائنس اینڈ کمپیوٹر لیبز ، ویڈیو کانفرنسنگ ، مسجد ، کیفے ٹیریاز ، سپورٹس کی سہولیات ، لائبریری اور ای لائبریری (جس میں معلوماتی اور تحقیقاتی کتابوں کا ایک بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے)، ریسرچ روم اینڈ فیسلیٹیشن سنٹر ، ڈے کئیر فیسلیٹی ، ایف ایم ریڈیو ، نمل ویب ٹی وی ،کمپیوٹر لینگوئج اینڈ ٹرانسلیشن لیبس، جمنازیم ، سولرائزیشن آف مین کیمپس اور گو گرین پراجیکٹ جیسی سہولیات بھی فراہم کی ہیں ۔
نمل میں ٹرانسلیشن لیب کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہاں پبلک اور پرائیویٹ طور پر ترجمے کی خدمات مہیا کی جاتی ہیں اور اسے اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان میں ٹرانسلیشن کا واحد مستند ادارہ تسلیم کیا گیا ہے ۔ نمل یونیورسٹی کے انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات ہیں اور ان کے ساتھ کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔نمل یونیورسٹی میں نہایت قابل ، زیرک اور متحرک اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں جو کہ دراصل اس مادر علمی میں زیر تعلیم طلبا اور طالبات کی ذہنی اور تحقیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہیں ۔ ان کا مقصد صرف تعلیم و تدریس ہی نہیں بلکہ طلبہ و طالبات کے کردار کی تعمیر اور پختگی بھی ہے تاکہ وہ ملک و قوم کے کارآمد شہری بن سکیں اور تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔مختصر یہ کہ موجودہ دور میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اپنے شاندار تعلیمی و تحقیقی اور اعلی اخلاقی اقدار کے لئے مانی جاتی ہے ۔ نمل یونیورسٹی ہمارے تابناک مستقبل اور ترقی کے زینہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے ۔
تبصرے