گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا اوران فوجیوں سے ملے جنہوں نے وادی تیراہ اور گردونواح میں حال ہی میں کی گئی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔
اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے کثیر الجہتی اقدامات کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔
افسران اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف مؤثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے دشمن اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو جامع طور پر شکست دینے اور غیر قانونی سپیکٹرم میں سرگرمیوں کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فوج کے شہداء ،غازیوں اور لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں(LEAs) کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں انتہائی لگن اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔ آرمی چیف نے کے پی میں پولیس اور لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں کے تعاون کو سراہا اور کہا "پاک فوج، کے پی پولیس اور دیگر LEAs کو نئے ضم شدہ اضلاع میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی"۔ آرمی چیف نے LEAs کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔چیف آف آرمی سٹاف نے سکیورٹی فورسز کی مدد میں مقامی آبادی کی حمایت کو بھی سراہا۔ قبل ازیں کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
تبصرے