گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کور کے علاقے کا دورہ کیا، جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور فوج کی جانب سے کیے گئے اہم تربیتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اپنے دورے کے دوران، چیف آف آرمی سٹاف نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک (Innovista Indus IT Park) کا بھی افتتاح کیا، اس مرکز کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اکیڈمی اور انڈسٹری کے تعاون کو فروغ دے کر بااختیار بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور قابل ذکر سول کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کے لیے آئی ٹی ڈومین کی اہمیت پر زور دیا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے منصوبوں کا مقصد ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے انتہائی سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔چیف آف آرمی سٹاف نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی بات چیت کی اورملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو سراہا۔ شرکا نے SIFC کے مثبت کردار کی تعریف کی جواقتصادی ترقی کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کررہا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے برادر اور دوست ممالک خصوصاً چین، مملکت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں مدد کو سراہا۔چیف آف آرمی سٹاف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں قابل ذکر صلاحیت رکھتا ہے اور سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیرمتزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔ قبل ازیں آمد پر کمانڈر کراچی کورلیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
تبصرے