پیارے بچو!کیسے ہیں آپ...؟اُمید ہے خیریت سے ہوں گے۔ماہ ِ ستمبر کا شمارہ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔اس مہینے کی چھ تاریخ کو پوری قوم یوم دفاع و شہداء جوش و خروش سے مناتی ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ 6 ستمبر کو ایسا کیا ہوا تھا کہ یہ دن ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہماری تاریخ کا ایک روشن اور تابناک باب بن گیا؟ ہوا یوں کہ6 ستمبر 1965ء کو ہمارے ازلی دشمن بھارت نے رات کی تاریکی میں ہمارے پیارے وطن کی سرحدوں پر بزدلانہ حملہ کردیا تھا، لیکن وہ بھول گیا تھا کہ وہ اس قوم کو للکار رہا ہے جس کی خودی صورتِ فولاد ہے، جو اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور جس کی جذبہ ایمانی اور حب الوطنی سے سرشار افواج اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔
آزمائش کی ان گھڑیوں میں ہمارے بہادرافسروں اور جوانوں نے وطن کے پہاڑوں، میدانوں، صحراؤں، فضائوں اورپانیوں کی حفاظت کے دوران ایسے ایسے کارنامے انجام دیے کہ دشمن حیران وششدر رہ گیا۔ ہماری بّری، بحری اور فضائی افواج نے اپنی جرأت اور بہادری سے دشمن کے دل پر ایسی ہیبت طاری کی کہ آج بھی وہ اس کے تصور سے کانپ اٹھتا ہے۔ افواجِ پاکستان کے دلیر افسروں اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے، دشمن کو ہر محاذ پر عبرت ناک شکست دی اور ثابت کر دیا کہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
پیارے بچو! 6 ستمبر کو ہم اپنے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے ہماری آزادی اور سلامتی کی حفاظت کی۔ ہمیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ان جیسا جذبہ اپنے دلوں میں بسا کر اپنے وطن کی حفاظت اور خوشحالی میںبھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
ساتھیو! پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہمیں اپنی اس پہچان پر ہمیشہ فخرہونا چاہیے۔ جنگ 65 میں ہر پاکستانی شہری نے افواج ِ پاکستان کے شانہ بشانہ وطن کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا تھا۔وہ سب اتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوںکے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے تھے اوریہی وجہ تھی کہ دشمن کو ناکام و نامراد واپس لوٹنا پڑا۔
ساتھیو! دشمن کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح ہماری یکجہتی کی قوت کو ختم کردے تاکہ اپنے ناپاک ارادوں کی تکمیل کرسکے۔الحمدللہ، ہمارے جذبہ حب الوطنی کی بدولت وہ آج تک اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
ساتھیو!آج زمانہ بدل کر ڈیجیٹل دور میں داخل ہوچکا ہے لیکن دشمن کے ارادے نہیں بدلے۔ اب وہ سوشل میڈیا ور انٹرنیٹ کے ذریعے ہماری یکجہتی پر حملہ آور ہے۔ ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت بھرنے کی سازش کررہا ہے۔ اس صورتحال میں ہم سب کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ جس طرح ہم نے ماضی میں دشمن کی ہر سازش کا مقابلہ دلیری اور سوچ سمجھ کر کیا تھا، آج کی ڈیجیٹل یلغار کو بھی ہم اتحاد و یکجہتی کی قوت اور قومی بصیرت سے شکست دیں گے۔ آپ سوشل میڈیا استعمال کرنے کے دوران خبردار رہیں۔ کسی بھی خبر، ویڈیو یا تصویر پر یقین کرنے سے پہلے اس کے درست ہونے کی تصدیق کرلیں۔ کوئی بھی پوسٹ شیئر کرنے سے پہلےاچھی طرح سوچ سمجھ لیں کہ کہیں یہ وطن کی سلامتی اور قومی وقار کے منافی تو نہیں یا لوگوں میں نفرت اور انتشار کی آگ تو نہیں بڑھکا رہی۔ ایسی سوچ اختیار کرنے سے ہم نہ صرف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں بلکہ اپنے وطن کوامن وچین اور خوشیوں کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ آئیے، یوم دفاع وہ شہدا کے موقع پر مل کرعہد کریں کہ وطن کی سلامتی اور وقارپر آنچ نہیں آنے دیں گے اور اتحاد ویکجہتی کی قوت سے سرسبزہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گے۔
اس زمیں کی مٹی میں خون ہے شہیدوں کا
ارضِ پاک مرکز ہے قوم کی امیدوں کا
نظم و ضبط کو اپنا میرِ کارواں جانو
وقت کے اندھیروں میں اپنا آپ پہچانو
تبصرے