گزشتہ دنوں اولمپیئن ارشد ندیم کے تاریخی کارنامے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں کھیلوں کی ٹیموں اور لیجنڈری اولمپئینز نے شرکت کی جن میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیمیں، قومی کرکٹ ٹیم،سٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹ اور خواتین کی فٹ بال ٹیمیں، دولت مشترکہ، SAF اور ایشین گیمز کے تمغے جیتنے والی ٹیمیں اور پیرس اولمپکس 2024 کے شرکاشامل تھے۔ قابل ذکر لیجنڈز میں جہانگیر خان،صلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق شامل تھے۔ تقریب میں ارشد ندیم کے قریبی رشتہ داروں، ساتھیوں اور کوچز نے بھی شرکت کی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے ارشد ندیم کی سنگلز مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے اور ایک نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے ان کے عزم، استقامت اور بہترین کارکردگی کے جذبے سے منسوب کیا۔ انہوں نے محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارشد کے شائستہ آغاز سے لے کر عظمت کے حصول تک کے متاثر کن سفر پر روشنی ڈالی۔آرمی چیف نے ارشد ندیم کے کارنامے کو قومی فخر کے طور پر تسلیم کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ پوری قوم نے انہیں ان کے کارنامے کے مطابق نوازا ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف نے خوشحال پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے نہ صرف کھلاڑیوں اور پاکستانی نوجوانوں کی حمایت کی بلکہ بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے نوجوانوں کی مصروفیت، ترقی اور تفریح کی ضرورت کو ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کے اہم حصیکے طور پر اجاگر کیا۔ ارشد ندیم نے چیف آف آرمی سٹاف کا شکریہ ادا کیا اور چیلنجوں پر قابو پانے اور کامیابی حاصل کرنے میں محنت، مثبت رجحان اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
تبصرے