پی ایل اے کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب کا جی ایچ کیو میں انعقاد
گزشتہ دنوں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر محترم جیانگ زیڈونگ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی سہ فریقی افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے چینی مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چینی دفاع، سلامتی اور ملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ سٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھائو کا مقابلہ کیا ہے۔ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں فوجیں دوطرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیںجو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کا مظاہرہ کرتی ہیں ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے چینی سفیر نے پی ایل اے کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور ملک اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔
تبصرے