قوم ہرسال14اگست کو یومِ آزادی پورے جوش و ولولے سے مناتی ہے اور اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ قائداعظم محمدعلی جناح کی قیادت میں حاصل کردہ مملکتِ خداداد پاکستان کی بقا کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ قیام پاکستان کے اوائل ہی سے وطنِ عزیز کو جس انداز سے بیرونی جارحیت اور اندرونی و بیرونی سازشوں کا سامنا رہا، اس سے نبرد آزما ہوتے ہوئے ہماری ریاست نہ صرف مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنی بلکہ متعدد میدانوں میں بین الاقوامی سطح پر اپنی ایک پہچان بنانے میں بھی کامیاب رہی ہے۔ قائدِاعظم محمدعلی جناح نے اپنے ایک خطاب میں فرمایا تھا ''تعمیر ِ پاکستان کیی راہ میںمصیبتوں اور دشواریوں کو دیکھ کر گھبرایئے نہیں۔ نئی اقوام کی تاریخ میں کئی باب ایسی مثالوں سے بھرے پڑے ہیں کہ انہوں نے محض قوتِ ارادی ، قوتِ عمل اور قوتِ کردار سے خود کو بلند کرلیا۔ آپ خود بھی فولادی قوت کے مالک ہیں اورعزم وا رادے کی دولت میںآپ کی نظیر نہیں ملتی۔ آپ ایک ایسی قوم ہیں جس کی تاریخ شجاعت ، کردار اور آہنی ارادے کے لوگوں اور کارناموں سے بھری پڑی ہے۔ اپنی شاندار روایات کے مطابق زندہ رہیے بلکہ ان میں عظمت و شوکت کے ایک اور باب کا اضافہ کیجئے۔''
رواں برس یومِ آزادی ان حالات میںآیا ہے کہ جب دشمن پھر سے پاکستان کی سالمیت کے درپے ہے۔ اورہمارے ملک کو ہائبرڈ وارفیئر کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان دشمن عناصرفیک نیوز کا سہارا لیتے ہوئے ڈیجیٹل دہشت گردی کا راستہ اپنائے ہوئے ہیں اور وہ ریاستِ پاکستان ،مسلح افواج اور دیگر اداروں کی سُبکی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ایسے ہی عناصر کو منہ توڑ جواب دینے اور ان کے قلع قمع کے لیے 'عزمِ استحکام' ترتیب دیاگیا ہے۔ ڈائریکٹر جنر ل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف نے گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں واضح انداز میں کہا کہ ''پاکستان کے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم پروپیگنڈا ڈیجیٹل دہشت گردی ہے۔اس کو نہ روکا گیا تو یہ قومی سلامتی کے لیے تباہ کن ہوگا۔ حقیقی دہشت گرد اور ڈیجیٹل دہشت گرد دونوں ایک ہی کام کرتے ہیں ، دونوں کا ہدف پاکستان ہے'' انہوںنے مزید کہا کہ'' عزمِ استحکام فوجی آپریشن نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر اور مربوط انسدادِ دہشت گردی مہم ہے۔ اس مہم کا مقصد دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو توڑنا ہے۔''
ان کے اس بیان سے یہ نتیجہ اَخذ کرنا چنداں مشکل نہیں کہ ریاست اور مسلح افواج کس طرح سے، پاکستان دشمن عناصر کی ریشہ دوانیوںسے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ وہ درپیش چیلنجوںسے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت سے بھی مالا مال ہیں اور وہ کسی بھی طرح کی تخریبی کارروائیوں ، دہشت گردی کی وارداتوں سمیت ایسے تمام عناصر کو ناکوں چنے جبوانے کی صلاحیت رکھتی ہیںجو وطنِ عزیزکی سالمیت اور بقاء کو نشانہ بنانے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں۔ الحمدُ ﷲ قوم اور افواجِ پاکستان بقائے وطن کا پختہ عزم کیے ہوئے ہیں اور اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
قوم کو یومِ آزادی مبارک ۔ پاکستان ہمیشہ سلامت رہے!
تبصرے