کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس کی فیکلٹی اور طلباء نے حال ہی میں اوکاڑہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک دن پاک فوج کے ساتھ گزارا۔ دورے کے دوران وفد نے قوم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیااور ملک کے لیے ان کی قربانیوں کی یاد میں شہداء کی یادگار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفد کے شرکاء نے پاک فوج کے اہم کردار اور لازوال قربانیوں کے بارے میں بصیرت انگیز بریفنگ حاصل کی۔ طلباء کو مختلف تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا، جس سے انفنٹری، آرمرڈ اور آرٹلری ہتھیاروں کے بارے میں ان کی معلومات میں اضافہ ہوا۔ انہیں فوجی سازوسامان کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اس دورے کا بنیادی مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات، باہمی افہام و تفہیم اور احترام کو مزید فروغ دینا تھا۔ وفد نے قوم کے لیے پاک فوج کی شاندار خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیااور طلباء نے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی بہادری اور حوصلے کو سراہا۔
تبصرے