گزشتہ دنوں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ کالج میں کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، ایئر چیف نے کہا، "عصری جنگ میں، فضائی طاقت فوجی طاقت کا سب سے مئوثر عنصر بن چکی ہے۔ مشترکہ آپریشنز کی منصوبہ بندی کے لیے اس کے استعمال کے ساتھ منسلک چیلنجوں اور فوائد کے بارے میں گہری اور واضح سمجھ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے فوجی قیادت کے لیے کردار کی مضبوطی پر زور دیا ۔انہوں نے پی اے ایف کی قیادت کے متحرک اقدامات پر روشنی ڈالی جس کا مقصد جدید ترین انسانی وسائل کو فروغ دینا، تربیت کی اصلاح اور عصری جنگی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی نمایاں خصوصیات پر بھی بات کی جو SIFCکے تحت کام کرنے والا انتہائی اہم اسٹریٹجک اہمیت کا منصوبہ ہے۔ ائیر چیف نے اسے پاکستان کی تکنیکی اور اقتصادی ترقی میں گیم چینجر قرار دیا۔
ائیر چیف نے مزیدکہا کہ پاک فضائیہ سکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے اور اپنے آپریشنل ترقیاتی منصوبوں پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے ۔ پی اے ایف آپریشنل تیاریوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے تیار ہے ۔
تبصرے