گزشتہ دنوں ڈائریکٹر جنرل HRDمیجر جنرل ملک امیر محمد خان نے ملٹری کالج سوئی بلوچستان کا دورہ کیا۔ کالج پہنچنے پر کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈیئر وسیم قیصرنے دیگر افسران کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل کا استقبال کیا۔ رسمی ملاقات کے بعد ڈائریکٹر جنرل کے لیے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل کو کالج سے متعلقہ تمام امور پر آگاہی فراہم کی گئی ۔بریفنگ کے بعد ڈائریکٹر جنرل نے کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی کے ساتھ کالج کا تفصیلی دورہ کیا ۔مہمانِ گرامی نے کالج میں موجود تمام سہولیات کا جائزہ لیا جن میں کیڈٹس میس (Mess)، رہائشی بلاک (Houses) ،جمنیزیم، کیفے ٹیریا ،کھیل کے میدان ،پریڈ گراؤنڈاور سوئمنگ پول شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے نئے تعمیر شدہ اکیڈمک بلاک کا بھی دورہ کیا اور کلاس رومز، سائنس لیبارٹریز، لائبریری اور دیگر جدید سہولیات کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کیڈٹس کے تیار کردہ سائنس اور آرٹس کے پراجیکٹس کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ کیڈٹس اور فیکلٹی کے ساتھ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے ان کو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ ملٹری کالج سوئی 2011 سے بلوچستان کے عوام کو تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے علاوہ بلوچ نوجوانوں کو پاک فوج میں بطور آفیسر شمولیت کے مواقع بھی فراہم کر رہا ہے۔ اس ادارے سے اب تک 290 سے زائد کیڈٹس پاک فوج میں بطور کمیشنڈآفیسر شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ تمام ملٹری کالجز کے انتظامی اور تدریسی امور کی نگرانی جنرل ہیڈ کوارٹرزکا شعبہ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ (HRD)ڈائریکٹوریٹ سر انجام دیتا ہے۔
(رپورٹ: لیفٹیننٹ کرنل حسان جاوید)
تبصرے