نگلیریا فائولیری (Naegleria Fowleri) جسے دماغ کھانے والا امیبا (Brain-Eating Amoeba) بھی کہتے ہیں ایک ایسا یک خلیاتی (Unicellular) امیباہے جو جھیلوں ، تالابوں ، چشموں ، سوئمنگ پولز اور نلکوں کے پانی میںپایاجاتا ہے جہاں یہ جرثومہ کائی (Algae) اور مختلف جراثیموں پر گزارہ کرتا ہے۔ یہ جرثومہ نرم مرطوب مٹی اور تازہ پانی پر انحصار کرتا ہے اور موسم گرما میں درجہ حرارت کے اضافے کے ساتھ ساتھ اس کی افزائش کی رفتار بھی تیز ہو جاتی ہے ۔
نگلیریا فائولیری انسانی جسم میں ناک کے راستے انسانی دماغ میں داخل ہو تا ہے اور ناک کی جھلی سے گزر کر یہ طفیلی امیبا قوتِ شامہ (سونگھنے کی حِس) سے منسلک اعصاب کو نقصان پہنچاتے ہوئے دماغ کے اندر داخل ہو کر دماغی خلیات کو اپنی غذا بناتے ہیں، اسی بناء پر انہیں دماغ کھانے والا امیبا کہتے ہیں ۔
امیبا کے ناک میں داخل ہونے کے 2 سے 15 دن میں علامات ظاہر ہو نا شروع ہو جاتی ہیں۔ جو مریض اس انفیکشن کا شکار ہوتے ہیں ان میں سب سے پہلے گردن میں اکڑائو ، سر میں شدید درد اور بخار کی شکایت ہو جاتی ہے ۔ اس کے بعد مریض کی دماغی حالت میں بگڑائو کی علامتیں ظاہر ہو نا شروع ہو جاتی ہیں ۔ مریض مختلف وہموں اور وسوسوں کا شکار ہونے لگتا ہے اور مریض کے رویے میں عجیب و غریب تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آتی ہیں۔جسے Primary Amebic Meningoencephalitis (PAM) بھی کہتے ہیں۔ اس حالت میں دماغ کی جھلی میں سوزش ہو جاتی ہے ۔ اس امیبا کے انفیکشن کے شکار زیادہ تر مریضوں میں شرح اموات بڑھ جاتی ہے ۔ ابتدائی انفیکشن کے دو ہفتوں کے اندر اندر مریض کی موت واقع ہو سکتی ہے ۔ مگر اگر ابتداء میں ہی انفیکشن کا علاج شروع کر دیا جائے تو مریض کے بچنے کے امکانات ہو سکتے ہیں ۔ اس مرض میں چونکہ قوتِ شامہ سے منسلک اعصاب کو نقصان پہنچتا ہے تو مریض کے سونگھنے اور چکھنے کی حِس میں تبدیلی آجاتی ہے جس کے فوری بعد بخار ، سردرد، بھوک میں کمی اور متلی کی شکایت کے بعد مریض نیم بے ہوشی کی حالت سے ہوتا ہواآخر کار کوما کی حالت میں چلا جاتا ہے۔
نگلیریافائولیری سب سے پہلے 1965 ء میں آسٹریلیا میں دریافت کیا گیا تھا۔ نگلیریا کی مختلف انواع موجود ہیں مگر صرف نگلیریا فائولیری ہی انسانی جسم میں انفیکشن پیدا کرتے ہیں ۔ یہ جرثومہ 115ڈگری فارن ہائیٹ تک پانی میں زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ بیماری ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل نہیں ہوتی ہے ۔ حالیہ ریسرچ کے مطابق اس دماغ کھانے والے امیبا کے پھیلائو میں سوئمنگ پولز ایک نمایا ں کردار ادا کرتے ہیں ۔ سوئمنگ پولز میں کلورین کی مقدار کا نامناسب استعمال اس انفیکشن کی وجہ بنتا ہے ۔ تازہ پانی کے تمام ذخائر سے اس جرثومہ کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن تو نہیں ہے مگر پانی میں کلورین کی مناسب مقدار کی آمیزش سے اسے کافی حدتک کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔
ایک ریسرچ رپورٹ کے مطابق اس جرثومے کے پھیلنے کی وجہ درجہ حرارت میں اضافہ ، گھریلو استعمال والے پانی کا آلودہ ہونا اور فراہمی آب کے نظام میں مختلف خرابیاں ہو سکتی ہیں لہٰذا ہمیں چاہیے کہ صاف پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں اور جراثیم سے پاک پانی استعمال کریں ۔
وضو کرتے ہوئے صاف پانی استعمال کریں کیونکہ وضو کے دوران ناک میں پانی اندر تک جاتا ہے تو پانی میں اس امیبا کی موجودگی اس بیماری میں مبتلا ہونے کا باعث بن سکتی ہے ، اسی طرح سوئمنگ کرتے ہوئے زیادہ گہری ڈبکی لگانے سے گریز کریں اور گرمیوں کے موسم میں صاف اورمناسب کلورین کی مقدار رکھنے والے سوئمنگ پولز کو ہی ترجیح دیں اور کسی بھی علامت کے ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ورنہ کچھ دنوں میں ہی مریض کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے ۔
نگلیریا فائولیری پانی سے ہونے والی بیماری ہے جس کا علاج ابھی تک درست طور پر موجود نہیں ہے لہٰذا اس بیماری سے بچنے کا واحد حل یہی ہے کہ سوئمنگ کے دوران مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پانی کو ناک میں داخل ہونے سے روکا جائے اور گھروں میں فراہم کیے جانے والے نلکوں کے پانی کی بھی فلٹریشن اور کلورینیشن پر توجہ دی جائے کیونکہ پینے کے پانی کی لائن میں گٹرلائن کے پانی کے شامل ہونے سے پیدا ہونے والے حالات بھی اس امیبا کو پھلنے پھولنے کا موقع دیتے ہیں لہذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو پانی استعمال کر رہے ہیں وہ جراثیم سے پاک ہو۔
مضمون نگارایک نجی ہسپال میں بحیثیت مائکرو بیالوجسٹ خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
[email protected]
تبصرے