پاکستان آرمی دوست ممالک کی افواج کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات قائم کرنے کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ اس سلسلے میں یوتھ ایکسچینج پروگرام (YEP) کے تحت ہر سال تینوں ملٹری کالجز (ملٹری کالج جہلم ،ملٹری کالج مری اور ملٹری کالج سوئی)کے کیڈٹس دوست ممالک کا دورہ کرتے ہیں۔ ان ممالک میں سری لنکا، نیپال، اردن اور آذربائیجان شامل ہیں۔ یہ تعلقات دو طرفہ بنیاد پر استوار ہوتے ہیں۔
گزشتہ دنوں ملٹری کالجز کے آٹھ کیڈٹس اور پاک فوج کے دو افسران پر مشتمل وفد نے وسطی ایشیائی ریاست قازقستان کا دورہ کیا۔ 12سے 18 فروری تک جاری رہنے والے اس دورے کے دوران پاکستانی وفد کی سربراہی کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈئیر وسیم قیصر نے کی۔پاکستانی وفد نے قازقستان کی مشہور فوجی تربیت کی درسگاہوں اور تعلیمی مراکز کا دورہ کیا جن میں ملٹری کیڈٹ کالج آستانہ ، انٹرنیشنل یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی آستانہ اور ایگرو ٹیکنیکل یونیورسٹی آستانہ شامل ہیں۔
دورے کے دوران ایک ثقافتی شو کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں پاکستانی وفد کے کیڈٹس نے موسیقی پر پاکستانی علاقائی رقص پیش کیے۔ اس پروگرام کے دوران وفد کو پاکستانی ملبوسات اور ثقافت کی بھرپور نمائش کا موقع ملا۔ پاکستانی وفد نے قازقستان کے مشہور مذہبی، تاریخی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز کا بھی دورہ کیا۔ ملٹری کالجز کے کیڈٹس کا یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت قازقستان کا یہ پہلا دورہ تھا ۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے قائم رشتوں کو مزید تقویت ملی۔
تبصرے