چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان ایجنسی، خیبرپختونخوا میں میران شاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوانوں کے ساتھ فرنٹ لائن پر عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کے پائیدار استحکام و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔ انہوں نے قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل لگن اور خدمات کو سراہتے ہوئے افسروں اور جوانوں کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد، چیف آف آرمی سٹاف کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سکیورٹی کے منظر نامے اورپاک افغان سرحد کے ساتھ حفاظتی اقدامات سے متعلق ایک جامع بریفنگ دی گئی، جس میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے خاص طور پر نئے ضم شدہ اضلاع اور پورے خیبرپختونخواہ میں شہدا کی قربانیوں کوسماجی و اقتصادی ترقی سے منسوب کیا ۔دہشت گردی کے منفی اثرات پر زور دیتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے امن کی حفاظت کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص مقامی آبادی پر زور دیا کہ وہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے ملک مخالف عناصر کے خلاف چوکس رہیں اورقوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں ۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر کور پشاور نے پرتپاک استقبال کیا۔
تبصرے