28مئی 1998کو پاکستان نے صوبہ بلوچستان کے سلسلہ راس کوہ میں ضلع چاغی کے علاقے میں پانچ جوہری دھماکے کیے۔ ان دھماکوں کی ژیلڈ 50کلو ٹن کے برابر تھی ۔ یہ دھماکے ضلع چاغی کے بلند پہاڑوں میں گہری غاریں کھود کر کیے گئے تھے۔ ان جوہری تجربات کو محفوظ تجربات قرار دیا گیا۔ ان ایٹمی دھماکوں کو 'چاغی -ون 'کے نام سے جانا جاتا ہے۔اس کے بعد پاکستان نے اپنا چھٹا جوہری دھماکہ 30مئی کو کیاجس کو 'چاغی- ٹو' کہاجاتا ہے اور یہ اعلان بھی کیا کہ ان چھ دھماکوں کے ساتھ ہی پاکستان کا جوہری دھماکوںکے تجربات کا سلسلہ مکمل ہوا جو کہ بہترین کامیابی ہے۔
ان دھماکوں کی گونج اور کامیاب تجربات کی تصدیق غیر ملکی اداروں نے بھی کی۔ واشنگٹن کے ایک اہلکارنے تصدیق کی کہ پاکستان نے ایک سے زیادہ تجربات کیے ہیں اور پینٹا گون (امریکی محکمہ دفاع) نے بھی بیان میں کہا کہ پاکستان نے جو دھماکے کیے ہیں ان کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.6تھی اور ان کی ژیلڈ 5سے10کلو ٹن تک تھی۔
رُوس کی اکیڈمی آف جیو فزکس نے بھی اعلان کیا کہ پاکستان کے 28مئی کے دھماکوں کی شدت4.9ریکارڈ کی گئی ہے اور ان دھماکوں سے جو قوت پیدا ہوئی وہ اس قوت کے برابر تھی جو11مئی کے بھارتی جوہری دھماکوں سے ہوئی تھی۔ یہ دھماکے پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر3:16پر کیے گئیتاہم پاکستان نے اعلان کیا کہ 28مئی کو گرینچ مین ٹائم(GMT)کے مطابق یہ دھماکے 10:23پر کیے گئے ہیں اور یہ دھماکے بھارت کے 11اور13مئی کے دھماکوں کے جواب میں کئے گئے ۔
آسٹریلیا کے جیالوجیکل سروے ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ پاکستان کے یہ جوہری تجربات بیک وقت دھماکے کی صورت میں ریکارڈ کیے گئے ہیں جن کی شدت 5 تھی اور ان کی ژیلڈ 5سے20کلو ٹن تھی۔
اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل جہانگیر کرامت نے کہا '' پاکستان کے جوہری تجربات نے علاقے میں جوہری عدم توازن کو دُور کردیا ہے''
اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اس کامیابی پر قوم سے خطاب کیا اور کہا '' آج کا مبارک دن اہلِ پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں عزم و حوصلہ دیا کہ ہم اپنی سلامتی کی خاطر وہ دفاعی قدم اُٹھانے کا فیصلہ کرسکیں جو ناگزیر تھا۔ الحمد اللہ ہم نے گزشتہ دنوں کے بھارتی ایٹمی تجربات کا حساب چُکا دیا ہے۔ ہم نے پانچ کامیاب ایٹمی تجربات کیے ہیں۔ اللہ نے ہمیں اس قابل بنایا کہ ہم نے جو کچھ کیا عوام کا فیصلہ ہے۔ ہم نے آرام و آسائش اور غلامی کی بجائے آزادی و آزمائش کی طرف قدم بڑھایا ہے۔انشاء اللہ کامیابی ہمارے قدم چومے گی''
انٹرنیشنل ہیرالڈ ٹربیون نامی ایک مغربی اخبار نے اپنے31مئی کے اداریہ جس کا عنوان تھا''Nuclear Club Duties''، میں لکھا کہ '' جب بھارت نے پانچ جوہری دھماکے کردیے تو پاکستان کو صبر کی تلقین کی گئی اور جو لوگ یہ تلقین کررہے تھے ان کی بات میں کچھ وزن نہیں تھا۔ پاکستان کی بقاء دائو پر لگی ہوئی تھی۔ بھارت کے جوہری دھماکوں کی نوعیت تزویراتی(Strategic)نہ تھی۔ یہ دھماکے معقول جواز کے بغیر کیے گئے تھے اور پاکستان نے یقیناجو دھماکے کیے ان کا تزویراتی جواز موجود تھا۔
28مئی1998کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ اس دن مملکت خداداد نے خود کو ایک ایٹمی طاقت ثابت کیا اور چاغی کی پہاڑیاں پاکستان کے آہنی دفاع کی علامت بن گئیں۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان ایٹمی طاقت رکھنے والا دنیا کا ساتواں اور عالمِ اسلام کا پہلا ملک بھی بن گیا۔تب سے پاکستان28مئی کے دن کو یومِ تکبیر کے طور پر مناتا ہے۔
اِس دور میں بھی مردِ خدا کو ہے میّسر
جو معجزہ پربت کو بنا سکتا ہے رائی
(اقبال)
تبصرے