گزشتہ دنوںروڈ سیفٹی کے اُصول و ضوابط کی اہمیت کو اُجاگر کرنے اور محفوظ ڈرائیونگ کے بارے میں شعور و آگہی کے فروغ کے لیے نیول ریذیڈنشیل کمپلیکس اسلام آبادمیں روڈ سیفٹی آگہی ہفتہ اور روڈ سیفٹی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ٹریفک سیفٹی ویک میں نیول پولیس، ایئر فورس پولیس، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسروں و جوانوں نے شرکت کی۔ اس ہفتہ کے دوران نیول ریذیڈنشیل کمپلیکس اسلام آباد کے رہائشیوں کو ڈرائیونگ کے اُصولوں اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ آگہی مہم کے سلسلے میں مختلف مقامات پر روڈ سیفٹی پیغامات پر مشتمل بینرز آویزاں کیے گئے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے افسران نے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے اُصولوں پر روشنی ڈالی۔روڈ سیفٹی آگہی ہفتہ کے دوران نیول پولیس، ایئر فورس پولیس، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مشترکہ مارچ پاسٹ بھی کیا۔
ٹریفک سیفٹی ویک کے اختتام پر روڈ سیفٹی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں پاک بحریہ کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز، ایم ٹی ڈرائیورزاور نیوی سویلینز نے شرکت کی ۔ ورکشاپ کے مہمان ِ خصوصی کمانڈر نارتھ کموڈور خان محمد آصف تھے۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران نے خصوصی طور پر اس ورکشاپ میں شرکت کی۔تقریب کے دوران شرکاء کو ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ دوران ِ ڈرائیونگ معمولی جان کر نظر انداز کی جانے والی احتیاط کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ٹریفک اصول و ضوابط پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
تبصرے