لب پہ آتی ہے دُعا بن کے تمنّا میری
زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری
مطلب ومفہوم: بچہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئےاس آرزوکا اظہار کرتا ہے کہ اس کی زندگی شمع(روشن موم بتی)جیسی ہو۔ جس طرح شمع اپنی روشنی سے دنیا کو روشن کرتی ہے اُسی طرح میری زندگی بھی علم کی روشنی پھیلاتی رہے۔
دور دنیا کا مرے دم سے اندھیرا ہو جائے
ہر جگہ میرے چمکنے سے اُجالا ہو جائے
مطلب و مفہوم: جس طرح شمع کے جلنے سے اندھیرا ختم ہوجاتا ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ میرےعلم وعمل کی چمک سے دنیا میں جہالت کی تاریکیوں کو دُور کردے۔
ہو مرے دم سے یونہی میرے وطن کی زینت
جس طرح پھول سے ہوتی ہے چمن کی زینت
مطلب ومفہوم: جس طرح پھول کسی باغ کی خوبصورتی کا سبب اوراس کی رونق ہوتا ہے ۔ اسی طرح میرا کردار اورعمل میرے وطن کی زیبائش اور خوبصورتی میں اضافے کا سبب بن جائے ۔ یعنی اللہ تعالیٰ مجھے وہ صلاحیت اور خوبی عطا فرمائے کہ میں اپنی جدوجہداورقربانی سے وطن کو سنوار سکوں۔
زندگی ہو مری پروانے کی صورت یاربّ
علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یاربّ
مطلب ومفہوم: یاربّ! جس طرح پروانہ شمع پراپنی جان فنا کرکے زندہَ جاوید ہو جاتا ہے اسی طرح میری زندگی بھی علم کی محبت اورجستجو میں صرف ہو۔
ہو مرا کام غریبوں کی حمایت کرنا
دردمندوں سے، ضعیفوں سے محبت کرنا
مطلب و مفہوم: یہ میری ذمہ داری ہو کہ ہر شخص سے محبت کروں،غریبوں،کمزوروں اورضرورت مندوں کے کام آؤں۔
مرے اللہ! بُرائی سے بچانا مجھ کو
نیک جو راہ ہو، اس رہ پہ چلانا مجھ کو
مطلب و مفہوم: میرے اللہ! مجھے ہر طرح کی برائی سے بچا کر نیکی کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرما ۔
تبصرے