آرمی پبلک سکول و کالج( برائے طالبات) ہمایوں روڈ راولپنڈی کی شاندار کار کردگی
ہونہار طالبہ ہانیہ عثمان نے پری میڈیکل میں 1072 نمبر حاصل کر کے بورڈمیں دوسری پوزیشن حاصل کی
یہ اصول فطرت ہے کہ منزل انہی کے قدم چومتی ہے جن کی زندگی عزم مصمم اور جہد مسلسل سے عبارت ہوتی ہے۔ کچھ ایسی ہی بات آرمی پبلک سکول و کالج برائے طالبات ہمایوں روڈ پر بھی صادق آتی ہے۔ گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس سال بھی آرمی پبلک سکول و کالج برائے طالبات ہمایوں روڈ نے فیڈرل بورڈ کے سالانہ امتحانات برائے ایچ ایس ایس سی (سال اول و دوم ) میں اپنی اعلیٰ کارکردگی کو برقرار رکھا۔ کالج کی ہونہار طالبہ ہانیہ عثمان (پری میڈیکل گروپ) نے1100 میں سے 1072 نمبر حاصل کر کے فیڈرل بورڈ میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 98.90 فیصد رہا۔ کالج کی121 طالبات نے 1000 اور اس سے زائد نمبر حاصل کیے جو قابل تحسین ہے۔ اسی طرح 90 فیصد اور زائد نمبر حاصل کرنے والی طالبات کی تعداد 145 ہے جبکہ 349 طالبات نے A1 گریڈ اور 83 طالبات نے A گریڈ حاصل کر کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
سالِ اول کے سالانہ امتحانات میں بھی اس تعلیمی ادارے نے قابل ستائش نتائج پیش کیے۔اس میں مجموعی طور پر 482 طالبات امتحان میں شریک ہوئیں ۔ 71 طالبات نے 90 فیصد اور زائد نمبر جبکہ 125 طالبات نے اے گریڈ حاصل کر کےبہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 91 طالبات 80 تا 84 فیصد نمبروں کے ساتھ کامیاب ہوئیں۔آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج ہمایوں روڈ راولپنڈی کے شاندار نتائج میں طلبا کی محنت کے ساتھ ساتھ پرنسپل بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) مقبول احمد کی بہترین قیادت اور اساتذہ کی محنت وقابلیت کا ثمر ہے۔ اس سے قبل بھی یہ کالج مختلف نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں اعلیٰ کاکردگی کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔
فیڈرل بورڈ میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ ہانیہ عثمان نے اپنی کامیابی کو والدین کی دعائوں کے ساتھ ساتھ پرنسپل اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قراردیا ہے۔
تبصرے