ہلال نیوز

''ایک دن پاک فوج کے ساتھ''

گزشتہ دنوں کمانڈر راولپنڈی کورلیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی خصوصی ہدایات پر یوتھ پروگرام کے تحت ''ایک دن پاک فوج کے ساتھ'' کا انعقاد کیاگیا۔جس میں نمل اور ریفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 200 سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ ایونٹ کے آغاز میں طلبا و طالبات نے یاد گار شہداء پر پھول  چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد طلبا و طالبات نے پاسبان گرائونڈ میں پاک فوج کی طرف سے لگائے گئے مختلف آرمز اینڈ سروسز کے سٹالز کا دورہ کیا ۔ان سٹالز میں آرٹلری، انفنٹری، انجینئرز، ایئرڈیفنس ،سگنلز ایکوپمنٹ اور آرمی میڈیکل  کیمپ کے سٹالز شامل تھے۔ طلباء اور طالبات کو ہتھیاروں، میزائلوں، گاڑیوں اور دیگر جنگی سازو سامان کی نمائش بھی دکھائی گئی ۔اس کے علاوہ ہائبرڈ وار ،انٹرنیٹ اور سائبر حملوں کے متعلق بریفنگ دی گئیاور سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دریں اثنا طلباء وطالبات کو پاسبان فائرنگ رینج پر مختلف چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کرائی گئی جس میں طلبا ء و طالبات نے بہت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ طلباء و طالبات کو آرمی میوزیم کا دورہ بھی کرایا گیا جس میں انہوں نے زمانہ قدیم کے رکھے ہوئے مختلف جنگی سازوسامان ،اسلحے اور فوج سے متعلقہ مختلف ماڈل اور مجسمے دیکھے اور محظوظ  ہوئے۔ طلباء نے سیاچن، 1965 اور1971 کی جنگوں کے رومز کو بہت سراہا۔



بعدازاں سٹوڈنٹس نے آرمی انسٹی ٹیوٹ آف ملٹری ہسٹری کا دورہ کیا جہاں طلباء و طالبات کو بریگیڈئیر فواد حفیظ نے پاک آرمی کی تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا۔ طلباء نے تجسس کے ساتھ زمانۂ جنگ اور امن میں سپاہیوں  کے معمول کے بارے میں استفسارکیا اور مادر وطن کو درپیش ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کے جذبے کو تہہ دل سے سراہااور اس امر کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو شکست دینے میں پاک فوج تنہا نہیں بلکہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ طلبا و طالبات نے اس دن کو اپنی زندگی کا یاد گار دن قرار دیا۔
( لیفٹیننٹ کرنل محمد ماجد مرزا)
 

یہ تحریر 95مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP