ہلال نیوز

چیف آف آرمی سٹاف کااپر دیر (تیمرگرہ )مالاکنڈڈویژن کا دورہ 

گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپر دیر (تیمرگرہ) مالاکنڈڈویژن کا دورہ کیا اور عید کا دوسرا دن مغربی سرحد پر تعینا ت جوانوں کے ساتھ گزارا ۔ آمد کے موقع پر کمانڈر پشاور کورلیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا ۔ اس موقع پرچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر انتظامات سے آگاہ کیا گیااور سر حد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔



چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اورجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ان علاقوں میں بڑی مشکلات سے حاصل کیے گئے امن کو تباہ کرنے نہیں دیں گے،مقصد کے حصول تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ضروری اقدام کرینگے۔ آرمی چیف نے سنگلاخ اور دشوار گزار علاقے میں بارڈر فینسنگ پر فوجی دستوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر منیجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں۔ 



انہوں نے جوانوں کی علاقے میں امن کے قیا م کے لئے کی گئی کوششوں پر زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور شر پسند عنا صر کی جانب سے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظرمیں چوکنا رہنے کی ہدایت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انسداد کرونا کے لئے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی اور کرونا کے خلاف سول اداروں کی مد د پر فوجی جوانوں کی تعریف کی ۔
 

یہ تحریر 112مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP