ہلال نیوز

کمانڈر کوئٹہ کور کا سردار بہادرخان ویمن یونیورسٹی کا دورہ

گزشتہ دنوں کمانڈر کوئٹہ کورلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران طالبات کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نوجوان نسل کی اہم ترین ذمہ داری اپنی تعلیم وتربیت پہ توجہ دینا اور کامیابی سے اس سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے عملی زندگی میں قدم رکھنا ہے، یہی ان کی طرف سے عظیم قومی خدمت ہے ۔انہوںنے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی اساتذہ کو معاشرے کا اہم ترین ستون قرار دیا۔ قومی عمارت کے مضبوطی سے قائم رہنے میں ہماری خواتین کا کلیدی کردار رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے یہ کردار اسی احسن طریقے سے آئندہ نسلوں میں منتقل کیا جائے۔ کور کمانڈر نے کہا اگرچہ بلوچستان نے گزشتہ دو دہائیوں میں انتہائی سخت حالات کا سامنا کیا ہے لیکن اس کے باوجود ارتقائی عمل سے گزرتے ہوئے بلوچستان میں کئی تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں۔ صوبے میں تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کا مردوں سے قدم ملا کرچلنا اس کی واضح مثال ہے ۔



صوبے، بالخصوص کوئٹہ میں موجود غیر نصابی سرگرمیوں کے محدود مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے کور کمانڈر نے 'سٹوڈنٹ اِن' کے قیام کا اعلان کیا۔ غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لیے طلباء و طالبات کو جدید طرز کی سہولت مہیا کرنے کا مقصد ان کو ایک ایسے ماحول کی فراہمی ہے جہاں فقط وہ بطورِ طالب علم اپنی شناخت ظاہر کرکے تمام سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔
قبل ازیں یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹرساجدہ نورین نے یونیورسٹی آمد پر کور کمانڈرکا استقبال کیا۔
 

یہ تحریر 87مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP