ہلال نیوز

کمانڈر پشاور کور کا دورہ چترال

گزشتہ دنوں چترال کی سول انتظامیہ نے علاقے میں ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کمانڈر پشاورکور سے ملاقات کا اہتمام کیا۔ملاقات میں کمانڈرپشاورکور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) میجر جنرل نورولی خان، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان، چترال کی ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے عہدیداران، علاقہ مشیران، علماء کرام، تاجر اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ 



ملاقات میں چترال میں سکیورٹی کی صورتحال اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر رائے دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔کسی بھی گروہ یا فرد کو علاقے میں امن اور سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کہا کہ چترال کی بہادر عوام کے تعاون سے پاک فوج، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے حملے اور اس کے تناظر میں کیے گئے پروپیگنڈہ کو ناکام بنایا ہے جس کے لیے سب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ 
 علاقہ عمائدین نے کہا کہ چترال کے لوگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دفاع کی پہلی لائن کے طور پر کھڑے ہیں۔چترال کی عوام  امن کو غیر مستحکم کرنے والے دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یہ تحریر 200مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP