ہلال نیوز

پاک بحریہ کی جانب سے صوبہ بلوچستان و سندھ کے مختلف علاقوں میں راشن کی تقسیم 

قوم پر جب بھی مشکل آن پڑی پاک بحریہ ہمیشہ ہم وطنوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئی۔ سمندری طوفان ہو یاسیلاب، زلزلہ ہو یا خشک سالی، وبائی صورتحال ہو یا کوئی اور آزمائش، الغرض پاک بحریہ اپنے اثاثہ جات ، افرادی قوت اور مالی معاونت کے ساتھ مدد،ہمت افزائی اور غمگساری کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی۔کووِڈ19-کے دوران پاک بحریہ نے ملک بھر میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ تکلیف میں مبتلا خاندانوں کے دکھ درد بانٹے، کورونا کی احتیاطی تدابیر کے متعلق آگہی پھیلانے کے لئے اقدامات اُٹھائے۔مستحق خاندانوں کی دہلیز پر پہنچ کر ان کی داد رسی کی۔ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی قومی خدمات میں ان کا ہاتھ بٹایا اور ان میں حفاظتی لباس و دیگر ضروری سامان تقسیم کیا۔پاکستان نیوی کی ان کاوشوں کو کامیاب بنانے میں پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن (پنوا) ، ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن اور مخیر حضرات کا نمایاں حصہ ہے جنہوں نے امدادی سامان کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔



پاک بحریہ نے اس نیک مقصد کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے حالیہ دنوں میں بھی امدادی کارروائیوں کو جاری رکھا۔کووِڈ19-کی تیسری لہر کے دوران پنوا کے تعاون سے بن قاسم اور گھارو کے مضافات میں راشن بیگز تقسیم کئے گئے۔ گھاگڑ، بن قاسم، گھارو اور ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں کے سیکڑوں خاندانوں نے کورونا19-وبا کے دوران پنوا کے اس کارِ خیر کو سراہا۔ 
 علاوہ ازیں،پاک بحریہ نے ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے مستحق خاندانوں میں بھی سینکڑوںراشن بیگز تقسیم کئے۔ راشن تقسیم کرنے کی مہم کے دوران پاک بحریہ کے جوانوں نے بلوچستان کے شہروں ڈام، گڈانی، گوادر اور اورماڑہ جبکہ سندھ کے دیہی علاقوں بن قاسم، کیٹی بندر، سجاول ، چوہڑ جمالی اور شاہ بندر میں ایک ماہ کے راشن پر مشتمل راشن بیگز تقسیم کئے۔
بلوچستان کے ساحلی مکینوں اور سندھ کے دوردراز علاقوں میں رہائش پذیر خاندانوں نے پاک بحریہ ، پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن اور ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے کارِ خیر کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
 

یہ تحریر 28مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP