اداریہ

پاکستان زندہ باد

جنت نظیر پاکستان دنیا بھر کے خوبصورت ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ قدرت نے اس مقدس سرزمین کو اپنی ہر نعمت سے نوازا ہے۔دریا، پہاڑ، ریگزار، سرسبز وادیاں اور سب سے بڑھ کر اس وطن سے اپنی جان سے بڑھ کر وہ محبت کرنے والے کروڑوں عوام خدا کا انمول تحفہ ہیں۔ انہی عوام کے آبأو اجداد نے اس پاک سرزمین کے قیام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ اب قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر نہ صرف ملک کو درپیش ہر چیلنج کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے جذبوں سے سرشار ہے بلکہ تکمیلِ پاکستان کے خواب کو شرمندئہ تعبیر کرنے کے لئے اپنا اہم اور کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ عوام کی محبت قومی تہواروں کے موقع پرمزید عود آتی ہے۔ جس کی ایک جھلک ہر سال یومِ پاکستان کے موقع پر دیکھنے کو ملتی ہے۔ قومی ترانوںاور قومی نغموں کی دھنوں نے فضائے پاک سرزمین کو اپنی خوشبو سے معطر کئے رکھا۔ یومِ پاکستان کی سب سے بڑی تقریب یومِ پاکستان پریڈ ہوا کرتی ہے جو وفاقی دارالحکومت  میں منعقد کی جاتی ہے۔ ملکی سرحدوں پر تنائو اور پاک فضائیہ کی بھارتی فضائیہ کے ساتھ حالیہ جھڑپ، جس میں بھارت کے دو طیارے مارگرائے گئے، کے بعد سے عمومی اندازے تھے کہ شاید یومِ پاکستان پریڈ منعقد نہ ہو، لیکن قوم اور مسلح افواج نے نہ صرف پریڈ کا انعقاد یقینی بنایا بلکہ اس بار کی پریڈ اس حوالے سے بھی ایک تاریخی پریڈ کے طور پر یاد رکھی جائے گی کہ اس میںچین، ترکی، سعودی عرب، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا جیسے برادر ممالک کے مارچنگ دستوں اور اُن کے پیرا ٹروپرز نے شرکت کرکے یومِ پاکستان پریڈ کی خوبصورتی کو چار چاند لگادیئے اور بھارت سمیت دیگر طاقتوںکی پاکستان کو تنہا کرنے کی سازشوں کو غیر مؤثر کرنے میںکردار ادا کیا۔ ملائیشیا کے وزیرِاعظم مہاتیر محمد نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے جو ایک قابلِ ستائش امر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جے ایف ١٧تھنڈر اور فوجی گاڑیاں بناسکتا ہے تو باقی سب کچھ بھی کرسکتا ہے۔ 
صدرمملکت عارف علوی نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان یک مسلّمہ حقیقت ہے اور ہم ایک زندہ و تابندہ قوم ہیں۔ ہم نے ایک طویل جنگ کے بعد دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا ہے اور اس کے لئے ابھی مزید کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اہلیت اور معیار کا کوئی ثانی نہیں۔ ہم پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے جو شہداء اور غازیوں کے لئے بہترین تحفہ ہوگا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے یومِ پاکستان کے موقع پر ایک قومی نغمہ ' پاکستان زندہ باد' جاری کیا۔ یہ نغمہ بلاشبہ قوم کے ہر فرد کی آواز بن کر سامنے آیا ہے۔ قوم  سینہ تان کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا کر دنیا کو یہ باور کراتی ہے کہ آج کا پاکستان مضبوط اور توانا پاکستان ہے جو امن کا خواہاں ہے، جو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے۔
''پاکستان زندہ باد'' فقط ایک نعرہ ہی نہیں بلکہ ایک استعارہ ہے اس عزم اور ارادے کا، جو یہ قوم وطنِ عزیز کے دفاع اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کی بابت رکھتی ہے۔ باہمی یک جہتی اور یگانگت کے ان اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے وطن کی حفاظت کو یقینی بنانے کی تلقین بانیٔ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے پشاور میں پنجاب رجمنٹ سے اپریل ١٩٤٨ میں خطاب کرتے ہوئے کی تھی : ''مجھے یقین ہے کہ جب پاکستان کے دفاع، قوم کی سلامتی اور حفاظت کے لئے آپ کو بلایا جائے گا تو آپ اپنے اسلاف کی روایات کے مطابق  شاندار کارناموں کا مظاہرہ کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ پاکستان کے ہلالی پرچم کو سربلند اور اپنی عظیم قوم کی عزت و وقار کو برقرار رکھیں گے۔''
بلاشبہ آج پاکستان کا ہر شہری اس سرزمین اور نظریئے کا محافظ ہے اور ان کا تقدس اپنی جان سے بڑھ کر عزیز رکھتا ہے۔ 
پاکستان زندہ باد
 

یہ تحریر 136مرتبہ پڑھی گئی۔

Success/Error Message Goes Here
براہ مہربانی اکائونٹ میں لاگ ان ہو کر اپنی رائے کا اظہار کریں۔
Contact Us
  • Hilal Road, Rawalpindi, PK

  • +(92) 51-927-2866

  • [email protected]

  • [email protected]
Subscribe to Our Newsletter

Sign up for our newsletter and get the latest articles and news delivered to your inbox.

TOP