قومی و بین الاقوامی ایشوز

ٹانک میں پاک فوج کی ناقابل  فراموش عوامی خدمات

ٹانک جیسے پسماندہ ضلع میں پاک آرمی کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ شورش زدہ ضلع ٹانک میں سول ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر پاک فوج کی شبانہ روز عوامی خدمات لائق تحسین و باعث فخر ہیں جن کو آج ٹانک کی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے اور سراہتے ہیں۔گراں قدر خدمات میں سے چیدہ چیدہ کی تفصیلات قارئین کی زیر نظر ہیں۔



ٹانک میں پینے کے صاف پانی کی قلت کو محسوس کرتے ہوئے ٹانک کی تاریخ میں پہلی بار پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ٹانک میں پینے والے پانی کی عدم دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے 14 فلٹریشن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں جوکہ کوڑفورٹ، منزائی،سپین مسجد محلہ میدان،کرسچن کالونی،مانجھی خیل چیک پوسٹ،سٹیشن روڈ ٹانک،محلہ شیخانوالہ،عرفان شہید پارک اورگائوں اما خیل میں نصب ہیں۔ اس کے ساتھ ٹانک، ٹرائبل ڈسٹرکٹ ٹانک کے علاقے خسرائے'گومل ' منزائی اور جنڈولہ میں غریبوں اور مسکینوں میں 6ہزار راشن بیگ تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ کڑی وام میں 55خاندانوں کو 10لاکھ روپے دئیے گئے۔آمدو رفت میں پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کی تکلیف کا ازالہ کرتے ہوئے کئی سالوں سے غیر تعمیر شدہ جنڈولہ تا خسرائے روڈ کو تعمیر کروایا جارہا ہے۔جس سے یہاں کے رہائشیوں کے لئے آسانی ہوگی۔ 
غریب عوام کو ان کے بنیادی حقوق گھر کی دہلیز پر یقینی بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے احساس کفالت پروگرام کے ذریعے 1531غریب لوگوں کو مالی امداد فراہم کی گئی۔ سیکٹر ہیڈ کوارٹرز ساؤتھ نے 87605خاندانوں کی سی ایل سی پی رجسٹریشن کو یقینی بنایاجس سے ساؤتھ وزیرستان کے آپریشن راہ نجات میں متاثرہ لوگوں کو مالی امداد ملی اور ان کی پریشانیوں میں واضح کمی ہوئی جس پر قبائلی عوام پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔گذشتہ سال میں 5 مرتبہ پولیو مہم منعقد کروائی گئی جس میں 88000بچوں کو ویکسین دی گئی تاکہ بچوں کو پولیو وائرس کاشکار ہونے سے بچایا جاسکے۔قومی ادارے اور رہائشیوں کو قریب لانے اور باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آٹھ مرتبہ سول ملٹری لیزان کمیٹی کا انعقاد کیا اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے میٹنگزمنعقد کروائی گئیں تاکہ عوامی مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً فوج کی مختلف پوسٹ پر علاقے کے مشیرران اور باعزت لوگوں کے ساتھ جرگہ منعقد کیا جاتا ہے تاکہ عوامی رابطہ بحال رہے۔ فلاح و بہبودکے کاموں میں ہر اول دستے کا کردار کرتے ہوئے طبی امداد اور دوائیوں کی سہولت کے لئے گومل اور ڈسٹرکٹ ٹانک میں فری میڈیکل کیمپ منقعد کروائے جس میں زیادہ لوگوں کو مفت علاج مہیا ہوا اور ٹی ایس ڈی ڈسٹرکٹ اور ٹانک میں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی مدد سے ٹانک میں 300سلائی مشینیں اور وہیل چیئرز علاقے کی بیوہ خواتین اور معذور لوگوں میں تقسیم کیں۔جنڈولہ شہر میں 173نئی دوکانوں کا افتتاح کیا گیااور 28خاندانوں میں آپریشن راہ نجات کے معاوضے تقسیم کئے گئے۔
کرونا لاک ڈاؤن کے دنوں میں تھیلسیماکے مریضوں کوخون کی فراہمی میں کئی مسائل پیش آئے اس کے لئے سیکٹر بلڈ ڈونیشن کیمپس کا اانعقاد کیا گیااورسینکڑوں خاندانوں کو بلڈ بیگ فراہم کئے گئے۔علاقے میں کھیلوں کو فروغ دینے،صحت افزاء سرگرمیوں کو پروان چڑھانے اور نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کروایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سیکٹرہیڈ کوارٹر ساؤتھ علاقے کے نامور کھلاڑیوں اور کلبز کو 300سے زائد فٹبال اورکٹ بیگ دے چکا ہے۔ اس کے علاوہ فوج کے افسران اور سول انتظامیہ سکولزکا باقاعدگی سے وزٹ کرتے ہیں اور کتابیں، تقسیم کرتے ہیں۔ پیشہ ورانہ تربیت کے لئے علاقے میں لوکل مصنوعات کی تیاری پر کام ہو رہا ہے۔ اس کاوش میں جنڈولہ میں فٹبال سلائی یونٹ نے کام شروع کردیاہے جس سے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔ تعلیم کے شعبے میں سیکٹر ہیڈکوارٹرز ساؤتھ کی دلچسپی گراں قدر ہے۔



 علاوہ ازیں گومل یونیورسٹی ٹانک کیمپس کے لائق اور پوزیشن ہولڈر طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے سکالرشپس دی گئیں۔زراعت کے شعبے میں ڈسٹرکٹ ٹانک نے فوڈ سروے منعقد کروایاجس کے ذریعے معلوم ہوا کہ علاقہ ٹماٹروں کی پیداوارکیلئے کارآمد ہے۔ اِس کے بعدایگریکلچرل ڈپارٹمنٹ ٹانک کے ساتھ ٹماٹروں کی نمائش منعقد کروائی گئی۔ ہر سال ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ٹانک میں بھی قومی دن بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ علاقے میں موجود دوسرے مذاہب کے لوگوں کی حفاظت اور خوشحالی سیکٹرہیڈ کوارٹر ساؤتھ کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے جس پر ہمیشہ بھرپور کام کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اور ٹرائیبل سب ڈویژن ٹانک میں پہلی مرتبہ تائی کانڈو نیشنل چیمپیئن شپ کا انعقاد کیڈٹ کالج سپنکئی میں نومبر 2020ء میں کیا گیا جس میں8ٹیموں نے حصہ لیا اور 112میچز کھیلے گئے۔ ملازئی کے علاقے میں آل پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کروایا گیا اور جس میں 45ٹیموں نے حصہ لیا اسے اہل علاقہ نے سراہا۔ گومل زام ڈیم میں واٹر سپورٹس کا انعقاد کروایا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ آل پاکستان بیٹ بابا فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد جنڈولہ میں بھی کروایا گیا۔ جس میں 44ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس سے اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے پاک فوج کی وطن سے محبت اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج نے جہاں محاذ پر دشمن کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا وہاں پر امن شہریوں کے لئے بھی اپنے سینے وا رکھے اور دکھی اورغریب عوام کی خدمت سرانجام دینے کے لئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔یہی وجہ ہے کہ ضلع ٹانک کے شہری اور قبائلی عوام پاک فوج کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعاگو ہیں۔ ||

یہ تحریر 219مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP