متفرقات

ناکام لوگوں کے لئے ایک کالم

کیا آپ نے لوگوں سے متعلق کبھی کوئی کتاب پڑھی ہے؟ ایسی کتاب جس میں اُن لوگوں کی کہانیاں ہوں جو محنت، ایمانداری، اخلاق اور وفاداری وغیرہ کے زریں اصولوں کے تابع زندگی گزارتے ہیں مگر اس کے باوجود ناکام ٹھہرتے ہیں! کم از کم میری نظر سے ایسی کوئی کتاب آج تک نہیں گزری۔ کبھی موقع ملے تو کتابوں کی دکان میں گھومتے ہوئے سیلف ہیلپ کے باب میں رکھی کتابیں سونگھ کر دیکھیں جن میں سے ہر کتاب یہی بتائے گی کہ زندگی میں دولت مند اورکامیاب ہونے کے کیا گُر ہیں اور کیسے آپ محنت، قابلیت اور اصول پسندی کے بل پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں۔ ان کتابوں میں ہنری فورڈ سے لے کر سٹیو جابز تک اور ٹاٹابرلا سے لے کر کے ایف سی کے بابے تک ہر قسم کی مثال آپ کو مل جائے گی جس میں بتایاگیا ہوگا کہ کیسے ایک میٹرک فیل شخص نے چار آنے سے کاروبارشروع کیاجواَب چار سو ارب کی کمپنی میں تبدیل ہو چکا ہے، کیسے ایک بابے نے قبر میں ٹانگیں لٹکا کر ایک ایسی فوڈ چین بنالی جس کی مالیت آج اربوں ڈالر ہے، وغیرہ وغیرہ ۔ ان کتابوں کے مصنفین بے حد کائیاں لوگ ہیں، انہیں اچھی طرح علم ہے کہ لوگ اب روایتی باتوں سے متاثر نہیں ہوتے، سو انہوں نے سیلف ہیلپ کی کتابوں کا انداز قدرے تبدیل کردیا ہے، اب یہ اپنی کتابوں میں سکولوں اور کالجوں میں گریڈ حاصل کرنے والوں کے اعدادو شمار بھی دیتے ہیں۔ ایک آدھ سادھو بھی کتاب میںڈال دیتے ہیں تاکہ کتاب سے مادیت پسندی کی بُو نہ آئے اورلوگوں کو لگے کہ یہ کتاب محض دولت مند ہونے کا نسخہ  نہیں بلکہ حقیقتاً ایک کامیاب آدمی بننے کا گُر سکھاتی ہے اور مصنف اگر ضرورت سے زیادہ کائیاں ہے تو وہ اِن باتوں کو الف لیلوی رنگ دے کر ایک تکنیک کانام بھی دے ڈالے گا، بس پھر اُس کے بعد کتاب کو ایمزون کی فہرست میں بیسٹ سیلر ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔لیکن نئی بوتل میں شراب پرانی ہی ہوگی۔
آج کل چونکہ لوگوں کے پاس کتاب پڑھنے کا وقت نہیں رہا اس لئے ہم سوشل میڈیا پر کامیاب لوگوں کی تقاریر ایک دوسرے کو بھیج کر خواہ مخواہ  خوش ہوتے رہتے ہیں، یہ تقاریر عموماً کسی کالج کے کانووکیشن کے موقع پر کی جاتی ہیں۔ اِن میں کوئی بزنس ٹائکون اپنے تجربات کی روشنی میں مزے لے لے کر بتاتا ہے کہ وہ ایک نالائق طالب علم تھا، اس کے گریڈ بہت کم آتے تھے، اسے کالج سے نکال دیاگیا تھا، آپ لوگ تو بہت قابل ہیں جو اس اعلیٰ ادارے سے آج تعلیمی سند لے کر گھر جائیں گے( حقیقت میں وہ طنز کررہا ہوتا ہے کہ تم اتنے پڑھ لکھ کر مجھ ایسے نہیں بن سکتے) پھر وہ بتاتا ہے کہ زندگی میں کامیابی کے اصول کچھ اور ہیں۔ وہ محنت اور لگن کا ذکر تو کرتا ہے مگر ساتھ ہی مسالے دار انداز میں رسک لینے کی خوبیاں گنواتا ہے اور روایتی انداز چھوڑ کر زندگی میں اچھوتا انداز اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ وہ حاضرین کو اپنی مثال دے کر بتاتا ہے کہ کیسے اُس  نے زندگی میں رسک لئے جنہوںنے اُن کی کایا کلپ کردی، سو وہ بھی اگر کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو زندگی میں رسک لیں۔ کبھی ہمت نہ ہاریں۔ اپنے اندر کوئی ایساہنر پیدا کریں جو کسی دوسرے کے پاس نہ ہو، کامیابی قدم چومے گی۔
دلوں کو گرماتی یہ تقریریں اور الف لیلوی انداز میں لکھی سیلف ہیلپ کی کتابوں میں بظاہر کوئی خرابی نہیں، جس قسم کے طریقے اور اصول ان میں بتائے جاتے ہیں انہیں اپنانے میں کوئی حرج نہیں۔لوگ اِن کی بدولت کامیاب ہوسکتے ہیں اور حقیقت میں کامیاب ہوتے بھی ہیں۔ کوئی بھی معقول شخص محنت کرنے کا ہی مشورہ دے گا۔ میں چونکہ کسی حدتک نامعقول ثابت ہواہوں اس لئے اس قسم کے مشورے مجھے کبھی کبھار الجھن میں ڈال دیتے ہیں۔ مثلاً بعض اوقات میں سوچتا ہوں کہ کامیابی آخر ہے کیا؟ دولت مند ہونا تو کامیابی کی دلیل نہیں ہوسکتی، ہیروئن  کے سمگلروں سے زیادہ دولت مند بھلا کون ہوسکتا ہے…؟ شہرت کو اگر کامیابی مان لیا جائے تو سنی لیون ایک کامیاب خاتون ہوئیں۔ کیا طاقت ور  ہونا کامیابی ہے، اگر ہاں، تو اپنے علاقے کا ہر جاگیردار جو مزارعوں کی عورتوں کو گھروں سے اٹھا کر لے جانے کی طاقت رکھتا ہے، کامیاب گردانا جائے گا۔ سو میری پہلی الجھن تو یہ ہے کہ کامیابی کی تعریف  کئے بغیر ہم لوگ کامیابی کے پیچھے بھاگ رہے ہیں گویا ایک ایسی دوڑ میں شامل ہیں جس میں کسی کو اختتامی نشان کا پتہ ہی نہیں۔ ایک لمحے کے لئے ہم فرض کرلیتے ہیں کہ جائز ذرائع  سے دولت، شہرت اورطاقت حاصل کرنے والا شخص ہی کامیاب مانا جائے گا تو اُس صورت  میں گوشہ نشین ہونے والے اولیاء وطن کی مٹی پر قربان ہونے والے شہدائ، بھارتی فوج کی چھرے والی بندوقوں کے نتیجے میں نابینا ہونے والے گمنام حریت پسند اور بوڑھے ماں باپ کو سو میل تک کاندھے پر لاد کر سرحد پار کرنے والے روہنگیا کو نہایت آسانی کے ساتھ کامیابی کی اس فہرست سے خارج کیا جا سکتا ہے۔ چلیئے ہم اس بحث میں نہیں پڑتے اور کامیابی کے روایتی تصور کو ہی سامنے رکھتے ہیں۔
دوسری الجھن اس میں یہ ہے کہ سیلف ہیلپ کی کتابوں اور تقاریر میں صرف کامیاب لوگوں کی مثالوں کا ذکر ملتا ہے ناکام لوگوں کا نہیں۔ اپنے اِردگرد نظردوڑائیں، آپ کولاکھوں کروڑوں ایسے افراد مل جائیں گے جو زندگی میں اُس طرح کامیاب نہیں جیسے اِن کتابوں میں لکھا ہوتا ہے،وجہ اس کی یہ بتائی جاتی ہے کہ کامیابی صرف محنت، ہنرمندی اور مستقل مزاجی سے ملتی ہے، اگر کوئی شخص انتھک محنت کرے، کوئی ہنرسیکھ لے، مستقبل مزاجی سے کسی کام میں جُت جائے تو کامیابی اُس کا مقدر بن جاتی ہے۔ یہ بات درست ہے مگر ساتھ ہی یہ بات بھی درست ہے کہ یہ جوہر اپنے اندر پیدا کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ لوگ تمام عمر محنت کرتے ہیں، صبح سے رات تک کوہلو کے بیل کی طرح جُت کر کام کرتے ہیں، زندگی اس قدرکٹھن ہوتی ہے کہ انہیں یہ سوچنے سمجھنے کا موقع ہی نہیں ملتا کہ کوئی اضافی ہنر کیسے سیکھا جائے۔ناکامی کا Barrier توڑنے کے لئے ایک خاص رفتار (Velocity) کی ضرورت ہوتی ہے۔ زیادہ تر لوگ تمام عمر وہ رفتار ہی حاصل نہیں کرپاتے۔ سو سیلف ہیلپ کی کتابوں میں جوٹپس  دی جاتی ہیں اُن میں صرف کامیاب لوگوں کی مثال اس لئے دی جاتی ہے ۔ کیونکہ خوش قسمتی سے یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جوBarrier توڑنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ مغالطہ اس میں یہ ہے کہ ایک لاکھ میں سے ایک شخص جو یہ کام کرجاتا ہے اُس کا ذکر تو کتاب میں ملتا ہے۔  باقی99,999 کا کیا بنتا ہے، یہ کوئی نہیں بتاتا۔ اِن  99,999 لوگوں کو ہم اطمینان سے اُس کھاتے میں ڈال دیتے ہیں جو محنت نہیں کرتے، ہنر نہیں سیکھتے اور مستقل مزاج نہیں ہوتے۔ اس سارے کھیل میں بنیادی عنصر جو ہم بھول جاتے ہیں وہ ہے مقدر۔ محنت کی عادت ، ہنرمندی اور مستقل مزاجی اگر کسی میں ہے تو یہ بذاتِ خود خوش قسمتی ہے، کامیاب لوگ جب گفتگو کرتے ہیں تو انہیں یہ عیاشی میسّرہوتی ہے کہ وہ اپنی محیرالعقول کامیابی کو کوئی رنگ دے ڈالیں، کوئی نہیں پوچھے گا۔ کامیاب شخص کوئی بھی دعویٰ کرسکتا ہے اور ناکام شخص بیچارہ بس سرجھکاکے سنتا ہے۔ جو طریقہ کامیاب لوگ زندگی میں اپناتے ہیں وہی طریقہ لاکھوں لوگ اور بھی اپناتے ہیں مگر اپنے مقدر کی وجہ سے ناکام رہتے ہیں۔ کیا اس مقدر کا کوئی حل ہے؟ یہ بات پھر کبھی، مگر جلد…!


مضمون نگار معروف کالم نویس اور تجزیہ نگار ہیں۔
 [email protected]
 

یہ تحریر 101مرتبہ پڑھی گئی۔

Success/Error Message Goes Here
براہ مہربانی اکائونٹ میں لاگ ان ہو کر اپنی رائے کا اظہار کریں۔
Contact Us
  • Hilal Road, Rawalpindi, PK

  • +(92) 51-927-2866

  • [email protected]

  • [email protected]
Subscribe to Our Newsletter

Sign up for our newsletter and get the latest articles and news delivered to your inbox.

TOP