پیدل فوج کے جوانوں کا بنیادی ہتھیار رائفل ہے ۔ رائفل کے ذریعے ہی دشمن کوتباہ یا دفاع میں اس کے حملے کو ناکام کیا جاتا ہے۔دورِحاضرمیں ٹیکنالوجی کے گہرے اثرات کی وجہ سے عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اب رائفل کا دور ختم ہو گیا ہے اور جدید بڑے ہتھیار ہی جنگ جیتنے کا ذریعہ ہیں۔ رائفل خصوصاً سنائپر رائفل کی ٹیکنالوجی نے بھی باقی علوم کی طرح ترقی کی ہے اور اس علم سے آشنا سپاہی نہ صرف میدانِ جنگ میں سبقت حاصل کر سکتا ہے بلکہ اس ہنر میں مشاق جنگجوحیران کن حد تک دشمن پر دبائو ڈال سکتا ہے جو دوسروں کی نظر میں جادونما محسوس ہوتا ہے۔جو افرا د اس فن سے بخوبی واقف ہیں وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں۔یہ مضمون دراصل ایک کتاب کا مفصل تعارف ہے جس کا نام Black Magic With Long Range Precision Rifle ہے اور یہ کتاب حقیقت میں بھی رائفل کے ذریعے جادو جیسے اثرات پیدا کرنے کا علم مہیا کرتی ہے۔
قومی سطح پر پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے پر چم تلے مختلف قسم کے شوٹنگ کے مقابلے ہر سال منعقد کروائے جاتے ہیں لیکن لانگ رینج کے مقابلوں کے لیے کوئی رسمی پلیٹ فارم موجود نہیں تھا۔پاکستان میں لانگ رینج شوٹنگ مقابلوں کا باقاعدہ آغاز سال 2016 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہوا جس کا نام ''بلوچستان کپ'' رکھا گیا۔مختلف کیٹگری کے مقابلوں کے علاوہ پہلی دفعہ F-Open مقابلے1000 میٹر پر منعقد کیے گئے۔سال 2019 میںدوسرا محمد علی جناح اوپن شوٹنگ کمپیٹیشن (چولستان کپ) بہاولپور میں منعقد ہوا۔ ان مقابلوں میں ٹیکنیکل میچز،ایکسٹریم لانگ رینج میچز،الٹرالانگ رینج میچزاور ہارڈ ٹارگٹ انٹرڈکشن کے میچز کو شامل کیا گیا۔پہلی مرتبہ ایک غیر ملکی شوٹرنے بھی ان مقابلوں میں حصہ لیا۔اسی سفر کو جاری رکھنے کے لیے تیسرامحمد علی جناح اوپن شوٹنگ کمپیٹیشن (پوٹھوہار کپ) اور چوتھامحمد علی جناح اوپن شوٹنگ کمپٹیشن(COASکپ) کا انعقاد پبی ہلز کھاریاں میں منعقد کیا گیا۔ پاکستان میں لانگ رینج شوٹنگ کا رسمی ادارہ قائم کرنے کے لیے پاکستان لانگ رینج ایسوی ایشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔
پاکستان میں لانگ رینج رائفل شوٹنگ کو ایک الگ پیشہ ورانہ شعبہ یا الگ فن کی حیثیت دلوانے کے لیے پاکستان فوج کے انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان نے لانگ رینج شوٹنگ کے موضوع پر کتاب لکھی ۔ انہوں نے کتاب پرتقریباََایک دہائی قبل کام شروع کیا ۔اس کتاب کی تکمیل کے دوران انہوں نے اس موضوع پر عملی طور پر ریسرچ شروع کی اور MAJOSC مقابلوں کا پاکستان میں آغاز کیا۔ یقیناوہ دنیا کی کسی بھی فوج کے لیے ایک منفرد شخصیت ہیں جو اپنی ملازمت کے دوران نہ صرف ایک اعلیٰ فوجی افسر کے عہدے پرپہنچے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے لانگ رینج شوٹنگ پر بہترین تحقیقی کام بھی کیا اور اسے فوج اور معاشرے میں وہ حیثیت دلوائی جس کے اثرات دورر س ہوں گے۔ حال ہی میں یہ تحقیقی کام ان کی کتاب Black Magic With Long Range Precision Rifle کی صورت میں منظر عام پر آیا۔یہ کتاب افواجِ پاکستان کے لیے سروسز بک کلب اور سول حضرات کے لیے سعید بک بینک میں دستیاب ہے۔ یہ کتاب13 ابواب اور471 صفحات پر مشتمل ہے۔ مضامین کی وضاحت کے لیے 576تصاویر،205 خاکے129,جدول اور66گراف شامل کیے گئے ہیں۔کتاب کا نا م Black Magic یعنی کا لا جادو محض ایک رسمی عنوان نہیں بلکہ دور انداز نشانہ بازی کے میدانِ جنگ میں اثرات کا درست استعارہ ہے۔یہ ایک ایسے نشانہ باز کے تجربات کا نچوڑ ہے جو میدان جنگ یا شکار میں اپنی نشانہ بازی اور مہارت کے ذریعے جادوئی اثرات حاصل کر سکتا ہے۔اسے اس بات کا بھی مکمل ادراک ہے کہ اس مہارت یا اس سے جڑی صلاحیتوں سے لیس ہونے کے لیے ضروری ہے کہ انسان درجہ بدرجہ اس کی باقاعدہ تعلیم حاصل کرے اور اپنے حاصل تعلیم کوعملی بنیادپر پرکھے۔اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی عملی استعداد کو بڑھانے کے لیے تحقیقی بنیادوں پر کا م بھی کرے۔اس پورے عمل کے بارے میں یہ کتاب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔جیسا کہ پہلے ذکر ہواکہ یہ کتاب لانگ رینج شوٹنگ کوپاکستان میں ایک الگ شعبہ کی حیثیت کے طور پر متعارف کروانے کے لیے لکھی گئی ہے۔لانگ رینج شوٹنگ کو مضبوط بنیادوں پر رائج کرنے کے لیے یہ ایک رہنما کتاب ہے۔سول اور ملٹری حلقوں میں لانگ رینج شوٹنگ کا رجحان اور پاکستان میں امن قائم کرنے والے اداروں میں سنائپنگ کے ہنر کواس کتاب نے ایک نئی سمت مہیا کی ہے جو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کو بخوبی سر اانجام دینے میں انتہائی مفید ثابت ہو رہی ہے۔
اس کتاب کی ابواب بندی کی مختصر تفصیل ذیل میں درج ہے۔
باب نمبر1۔لانگ رینج پریسیژن رائفل شوٹنگ:۔ لانگ رینج شوٹنگ کا دائرہ کارقانون نافذ کرنے والے اداروںاور ملٹری کے استعمال سے لے کر شکار اور سپورٹس شوٹنگ تک جاتا ہے۔شوٹنگ کی مختلف اقسام ہیں اور ان میں بھی درجہ بندی کی گئی ہے۔ سپورٹس شوٹنگ،شکار اور ملٹری شوٹنگ یعنی کہ سنائپنگ اس کی بڑی قسمیں ہیں۔ان تفصیلات کا زیادہ بہتر اندازہ کتاب کے مطالعہ سے کیا جا سکتا ہے۔اس باب میں ایک اور اہم موضوع ''جنگلی حیات کا تحفظ اور اس کی بحالی'' پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔شوٹنگ اور شکار کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کا تحفظ اور اس کی بحالی ایک اہم پہلو ہے۔ہمارا المیہ یہ ہے کہ اس ملک میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کوئی منظم ادارہ ضرورت کی حد تک فعال نہیں ہے۔اس کمی کو پورا کرنے کے لیے لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان نے جنگلی حیات کے تحفظ اورماحول کی بحالی کے کاموں میں بذات خود شمولیت اختیار کی ۔تکاتو پہاڑ کوئٹہ وادی میں سیدھے سینگوں والے مارخور کا تحفظ، چولستان کے صحرا میں نیل گائے اور چنکارا ہرن کا تحفظ ،کالا چٹا کی پہاڑیوں میں اڑیال کا تحفظ اور نیم صحرائی علاقے میں کالے ہرن کو دوبارہ سے متعارف کرانا اِن کے چند اہم اقدامات میںشامل ہے۔ان کی سرپرستی میں لانگ رینج شوٹنگ کے مقابلے اور جنگلی حیات کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کی مکمل تفصیلات کے لیے ویب سائیٹ www.majosc.comسے رجوع کیا جاسکتا ہے۔
باب نمبر2۔لانگ رینج ویپن سسٹم:۔ انتہائی ایکوریٹ اور پہلے رائونڈ ہٹ کویقینی بنانے کے لیے ایک ماہر نشانہ باز کے پاس موزوں سازوسامان ہونا چاہیے۔ یاد رہے کہ لانگ رینج ویپن سسٹم میں شوٹر اور سپاٹراہمیت کے لحاظ سے سرفہرست ہیں۔اس کے علاوہ مناسب رائفل،آپٹیکل سائٹ،اچھی کوالٹی کا ایمونیشن اور دیگرجزوی سازوسامان کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اس باب میں سازوسامان کے علاوہ دیگر اہم موضوعات کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے مثال کے طور پرPrecision and Accuracy کو اس باب میں خاص اہمیت دی گئی ہے۔میں اس کتاب کے پڑھنے والوں کو یہ مشورہ دوں گا کہ وہ پر اعتماد شوٹنگ اور ان دونوں اصطلاحات کا مفہوم اور فرق جاننے کے لیے اس باب کا تفصیلی مطالعہ کریں۔
باب نمبر 3۔لانگ رینج ایمونیشن:۔یہ باب لانگ رینج ایمونیشن کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے۔لانگ رینج ویپن سسٹم کا سازوسامان حاصل کرنے سے پہلے یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس مندرجہ ذیل سوالات کے جو ابات واضح طور پر موجود ہوں۔آپ کے ٹارگٹ کی قسم کیا ہے؟آپ کے ہدف کی قدرتی ساخت کیسی ہے؟ اس کا طول و عرض کیا ہے؟ آپ نے زیادہ سے زیادہ کتنے فاصلے سے اپنے ہدف کو نشانہ بناناہے؟ علاوہ ازیں ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ہم کتنا وزن کتنی دور تک اٹھا کر لے جا سکتے ہیں۔کوئی بھی شوٹر یا فورس اپنے مقصد کے حصول کے لیے ایمونیشن کی قسم اور اس کے کیلبر کے چنائو کا فیصلہ سب سے پہلے کرتی ہے۔مثال کے طور پر ایک شوٹر جو صرف ایک کا غذ کے ٹارگٹ پرنشانہ لگاتا ہے اور دوسرا شوٹر جو کسی مضبوط جانور یا کسی ٹھوس ہدف کو نشانہ بناتا ہے تو ان دونوں شوٹرز کی گولی کے چنائو میں فرق ہوگا۔اس باب میں مختلف اقسام کے لانگ رینج بلٹس کا موازنہ کیا گیا ہے جو ایمونیشن کے چنائو میں بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
باب نمبر4۔لانگ رینج رائفل:۔ اس باب میں رائفل کی ساخت ، فائر کرنے کی صورت میں پیدا ہونے والے اثرات، بولٹ ایکشن اور سیمی آٹومیٹک لانگ رینج رائفل ڈیزائن، لانگ رینج بیرل کی خصوصیات اور اس کا چنائو ، لانگ رینج رائفل کے ٹریگرز اور مجموعی طور پر لانگ رینج رائفل کے انتخاب جیسے موضوعات شامل ہیں۔فائر کی صورت میں رائفل کی دھات میں پیدا ہونے والے اثرات کی تفصیل اور اس کی ایکوریسی پر اثرات کے بارے میں شوٹر کو آگاہی حاصل ہونا بہت ضروری ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فائر کی صورت میں لانگ رینج رائفل کی بیرل مضبوط دھات کی ہونے کے باوجود گٹار کے تارکی مانند حرکت کرتی ہے جو کہ نظر نہیں آتی۔ سائنسی اصطلاح میں اس حرکت کو Harmonicsکہتے ہیں۔Precise and Accurateشوٹنگ کے لیے بیرل کا ہر دفعہ ایک ہی طرز پر حرکت کرنا اہم ہے۔ رائفل میں کوئی بھی ڈھیلا یا ضرورت سے زیادہ پریشر سے ٹائٹ نٹ بولٹ، ڈھیلا بٹ سٹاک ، ڈھیلی میگزین اور بائی پاڈ،یہ سب عوامل بھی غیر ضروری Vibrationکا سبب بنتے ہیں اور Precision and Accuracyکو خراب کرتے ہیں۔ ایک ذمہ دار شوٹر کو چاہیے کہ وہ یقین کر لے کہ اس کی رائفل کی بیرل چمبر کے علاوہ کسی اور حصے کے ساتھ منسلک نہیں اوررائفل کے تمام نٹ صحیح پریشر پر ٹائٹ ہیں۔رائفل کی سلیکشن کا دارومدارمقصد کی نوعیت پر ہوتا ہے۔چوتھے باب کا دوسرا سیکشن سیمی آٹو میٹک رائفل کے لانگ رینج شوٹنگ میں استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جیسے کہ رائفل جی تھری، M16 AK47, Dragunov, SVD, اور M82 Berret وغیرہ ۔حال ہی میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز(POF)نے رائفل جی تھری کے ڈیزائن پر (DMR) Designated Marksman Rifleبنائی ہے جو کہ ایک سیمی آٹو میٹک سنائپر رائفل کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے اور اس رائفل پہ کسی بھی قسم کی ٹیلی سکوپ لگائی جا سکتی ہے ۔سیمی آٹومیٹک رائفل خودکار چلنے والے پرزوں کی وجہ سے ایک مثالی دورمار سنائپر رائفل تو نہیں کہلائی جاتی لیکن ایک سے زائد اہداف کو 600-700 میٹر کے اندرتیزی سے نشانہ بنانے کے لیے بہت کارآمد ہے۔ بولٹ ایکشن رائفل ایک رسمی سنائپر رائفل کے طور پر استعمال کی جاتی ہے اور لانگ رینج سپورٹس شوٹنگ ،شکار اور سنائپنگ کے استعمال کے لیے زیادہ موزوں ہے۔
باب نمبر5- لانگ رینج آپٹیکل سائٹس:۔ یہ بات حیران کن ہے کہ آپٹیکل سائٹ کے انتہائی اہمیت کے حامل ہونے کے باوجودبہت سے تجربہ کارشوٹر بھی اس کے بارے میں کم سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔کارگر لانگ رینج شوٹنگ کے لیے ٹیلی سکوپ کا اچھی کوالٹی کا ہونا ضروری ہے۔ایک اچھی آپٹیکل سائٹ کے لیے بہت ضروری ہے کہ اس میں بہترین نظارے کے ساتھ ساتھ ٹریکنگ کی خصوصیات بھی بہترین ہوں۔ٹریکنگ کا مطلب ہے کہ ٹیلی سکوپ کے اوپر کلک والے ڈائل اور اس کا اندرونی نظام انتہائی باریکی اور ربط کے ساتھ درست چال چلیں اور یہ عمل ہر دفعہ ایک ہی جیسا ہو۔ٹیلی سکوپ کے بہترین استعمال کے لیے اس کے بارے میں ٹھیک علم اور سمجھ بوجھ کاہونا لازمی ہے۔
باب نمبر6- اندرونی قذفیات (Internal Ballistics ) :۔بیلسٹکس کا علم سائنسی اصطلاح میںہوا میں اڑنے والی کسی بھی شے اور اس پر ہونے والے اثرات کا مطالعہ ہے۔ عام طور پر بیلسٹکس کی چار اقسام ہیں جس میں اندرونی ، عبوری، بیرونی اور اختتامی بیلسٹکس شامل ہیں۔ اندرونی بیلسٹکس ان سائنسی عناصر کے بارے میں ہے جو کہ گولی کے مزل سے نکلنے سے پہلے بیرل کے اندر والی حرکت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ عبوری بیلسٹکس گولی کی اندرونی سے بیرونی بیلسٹکس میں منتقلی کا مطالعہ ہے۔ بیرونی بلسٹکس سے مراد ان عوامل کامطالعہ ہے جو گولی کی ہوا میں اڑان سے متعلق ہے۔ اختتامی بیلسٹکس ان عوامل کا مطالعہ ہے جو گولی پر اس وقت اثر اندز ہوتے ہیں جب گولی ہدف پر پہنچتی ہے اور اس کے اندر حرکت کرتی ہے۔ لانگ رینج پریسیژن شوٹنگ کے لیے ان تمام بیلسٹکس کیٹگریز کا علم ہونا بہت ضروری ہے۔ان تمام کیٹگریز کے بارے میں جاننے کے لیے اس کتاب کے باب نمبر 6اور7کا مطالعہ کریں۔
ساتواں باب چونکہ چھٹے باب کے موضوعات کی توسیع ہے اس لیے یہاں الگ سے اس پر بحث کرنے کے ضرورت نہیں۔
باب نمبر 8- فائری حل کا حساب لگانا (Calculating Firing Solutions) :۔فرسٹ رائونڈ ہٹ سکورکرنے کے لیے شوٹر کو بہت سار ے تغیرات و متفرقات کا سائنسی اور ریاضیاتی حساب رکھنا پڑتا ہے۔۔ ان متفرقات کا دارومدار ہدف کے سائز، اس سے شوٹر کا فاصلہ اور موسمی اثرات پر ہوتا ہے۔تقریباََ ہر قسم کی لانگ رینج شوٹنگ میں فائرنگ کے وقت یہ حساب لگانے کی مہلت نہیں ملتی چنانچہ یہ کام مشن پر نکلنے سے پہلے سر انجام دینا ضروری ہوتا ہے۔ اس بات کی کا خیال رہے کہ محض قیاسی حساب سے تیار شدہ فائرنگ ٹیبل پر انحصار کرتے ہوئے میڈیم رینج اور اس سے زائد فاصلے کے اہداف کو پر اعتماد طریقے سے نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ آٹھواں باب انتہائی تفصیل سے آپ کو پوائنٹ بلینک رینج(Point Blank Range) سے لے کر لانگ رینج اور ایکسٹرا لانگ رینج کے فائر نگ ٹیبلز کی تیاری کے لیے راہنمائی فراہم کرتا ہے۔
باب نمبر- 9 لانگ رینج ایمونیشن کو خود بنانا (reloading Long Range Ammo):۔ فیکٹری میں تیار کیے گئے عمدہ ایمونیشن سے اچھا فائر ہوتا ہے اور کسی حد تک نتیجہ بھی متواتر ہوتا ہے البتہ فیکٹری میں بنے عام ایمونیشن اور بلٹ کا انتخاب محدود ہوتا ہے۔بہت سے مشہور کیلیبر میں بھی فیکٹریز میں بنا ایمونیشن شوٹر کی خواہش کے مطابق دستیاب نہیں ہوتا۔ان جیسے بہت سے عوامل کی وجہ سے سنجیدہ لانگ رینج شوٹرایمونیشن ری لوڈنگ خود کرتے ہیں۔اس باب میںایمونیشن ری لوڈنگ کے بنیادی خیالات اور درجات پر بحث کی گئی ہے۔ درست عمل ، کمال ہنر مندی اور تجربے کے ساتھ ایک لانگ رینج شوٹرانتہائی درجے کی درستگی(Precision and Accuracy) اپنے فائر میں لا سکتا ہے۔فخریہ بات یہ ہے پاکستان میں ری لوڈنگ کا رجحان بہت تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے جس میںمختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے شوٹرز بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ محمد علی جناح اوپن شوٹنگ کمپیٹیشن(MAJOSC) میں شوٹرز کی عمدہ کار کردگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فوج میں اس علم کو متعارف کروانے کے لیے یہ معلومات افزاء باب ہے۔
باب نمبر10- لانگ رینج پریسیژن رائفل کی دیکھ بھال اور صفائی۔ ایک لانگ رینج پریسیژن رائفل کی دیکھ بھال اور صفائی کا طریقہ کار ایک نارمل شکار اور ایسالٹ رائفل سے مختلف ہوتا ہے۔ اس قسم کی شوٹنگ میں شوٹر کو بیرل کے اندرکے حالات کابخوبی علم ہونا ضروری ہے۔اس ضروری دیکھ بھال اور صفائی کی بنیا د چار درج ذیل تحفظات پر ہوتی ہے جس میں ایک گولی سے دوسری گولی فائر ہونے میں بیرل کے بور کی اندرونی حالت کا برقرار رہنا، بور کے اندر کاپراور جلے بارود کا توازن برقرار رکھنا، بیرل کی سروس لائف کو بڑھانے کے لیے بیرل کے اندر کے کٹائو اور رگڑائو کو کم سے کم کرنا اوربور کو نقصان سے بچاناشامل ہیں۔
رائفل کی صفائی کا سازو سامان اور طریقہ کار اپنائے گئے شوٹنگ ڈسپلن پر منحصر ہے۔یاد رکھیں کہ غلط طریقے سے صفائی اور دیکھ بھال ویپن سسٹم کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ایک ذمہ دار شوٹر کے علم میں ہونا چاہیے کہ وہ کون سے مواقع ہیں جب بیرل کی صفائی کی ضرورت پڑتی ہے۔صفائی کا سب سے موزوں موقع نمی والے علاقے میںدرپیش ہوتا ہے۔دوسرا موقع وہ ہوسکتا ہے جب آپ کی رائفل بہت دھول مٹی اورگرد آلود ماحول میں استعمال ہوئی ہو۔ تیسرا اہم موقع رائفل کو لمبے عرصے تک سٹو ر کرنے سے پہلے ہوتا ہے۔ ایسے میں اسے رکھنے کا طریقہ درست ہونا چاہیے۔ چوتھا موقع جب کاپر Copper) ( کا توازن بور کے اندر برقرار نہ رہے اور کاپر ضرورت سے زیادہ جمع ہوگیا ہو۔ یہ معلومات انتہائی دلچسپ ہیں۔
باب نمبر 11- ہدف کا فاصلہ (Range to Target):۔ لانگ رینج اور ایکسٹرالانگ رینج پر ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بنانے کے لیے فاصلے کا صحیح طریقے سے ناپنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہدف کاصحیح فاصلہ وہ پہلا بنیادی عنصر ہے جو Firing Solutionsتیار کرنے کے لیے سب سے زیادہ لازمی ہوتا ہے چونکہ یہ گولی کی اڑان پر سب سے زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔اس باب میں فاصلہ جانچنے اور ناپنے کے مختلف طریقوں کا مفصل ذکر ہوا ہے جس میں نظری اندازہ، Mil Dot Master،Laser Range Finder ،GPS، نقشوں ,ہوائی فوٹو گراف اور آپٹیکل سائٹ کے ریٹیکل کا استعمال شامل ہے۔رینج کا اندازاً تخمینہ لگاناایک مناسب طریقہ کار نہیں ہے ،یہ زیادہ سے زیادہ پوائنٹ بلینک رینج سے لے کر میڈیم رینج تک کارآمدہو سکتا ہے۔ لانگ رینج ، ایکسٹرا لانگ رینج یا اس سے زیادہ فاصلے تک درست فائر کرنے کے لیے فاصلے کا درست ناپنا بہت ضروری ہے۔یاد رکھیں ہدف کا فاصلہ غلط معلوم ہونا ہدف کو ہٹ یا َمس ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
باب نمبر12- لانگ رینج پریسیژن رائفل فائر کے ضروری ہنر (Essential Skills for Long Range Precision Rifle Fire) :۔ یہ باب لانگ رینج شوٹنگ کا آغاز کرنے والے لوگوں کی رہنمائی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس باب میں گولی کے ہدف کے اطراف میں لگنے کو دیکھنا،اس کی درستگی کرنا، رائفل کے پیچھے صحیح پوزیشن، سائٹ کا درست نظارہ،سانس کی روانی پہ قابواور درست طریقے سے ٹریگر کو دبانے کی معلومات شامل ہیں۔ علاوہ ازیںٹیلی سکوپ اور رائفل کی صفر کاری کا طریقہ کار انتہائی مفصل اور سہل انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
باب نمبر 13 - سنائپنگ کا فن(Art of Sniping) :۔ سنائپر کے کام میں خداداد صلاحیتیں ، خاص مہارت، بہترین ٹریننگ اور اچھے معیار کا سازوسامان شامل ہیں۔یہ باب سنائپنگ کے فن اوراس سے لانگ رینج شوٹنگ کے تعلق کو واضح کرتا ہے۔کسی بھی ملک کی پیشہ ورانہ فوج کے لیے سنائپنگ کی ٹریننگ اور اس کاصحیح استعمال ایک خاص اہمیت اور مقام رکھتاہے۔ میدانِ جنگ یا لڑائی میں ایک تربیت یافتہ سنائپر چند کامیاب نشانوں کے ساتھ دشمن پر اپنی دھاک بٹھاسکتا ہے۔یاد رکھیے کہ سنائپر کی تربیت کا عمل کئی سالوں پر محیط ہوتا ہے۔ایک نوجوان منتخب شدہ سنائپرکی اعلیٰ اور کامیاب ٹریننگ کے لیے تقریباََ 8سے 10سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے جس میں وہ اس پائے کا علم اور ہنر سیکھ سکتاہے جو اس کو ایک کامیاب سنائپر بناتا ہے۔اس باب میں لانگ رینج شوٹنگ کو فوجی مقاصدمیں استعمال کرنے والے افرادکی دلچسپی کے لیے سنائپر اور Designated Marksmanکے فرق کو خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیںملٹری سنائپر اور لاانفورسمنٹ کے سنائپر کے فرق کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے۔
سنائپر ٹریننگ کے لیے کسی شخص کے انتخاب کا طریقہ کارانتہائی حساس قدم ہے۔ایک پیشہ ورسنائپر کے انتخاب کے لیے کئی استعداد کا ہونا ضروری ہے جن میں اسکا ایک اچھا نشانہ باز ہونا ، جسمانی اور ذہنی حالت کا درست ہونا، باریک بین اور زیرک ہونا،حاضردماغی اور ذہنی قابلیت کا حامل ہونا، جذباتی توازن قائم ہونا،فیلڈ کرافٹ اور تکنیکی سمجھ بوجھ رکھنا، صبر اور استقامت کا پرتو ہونا، حساب اور سائنس کا علم رکھنا اورفوکس و مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھنا وغیرہ شامل ہے۔
اسی طرح ایک منظم فو رس میں بنیادی سنائپر آرگنائزیشن کی بنیاد اس فورس کے جنگ یا امن کے مشن کے امکانات اورمطلوبہ اثرات پر محیط ہوتی ہے۔سنائپر ٹیم دو یا زیادہ افراد پر مشتمل ہوتی ہے جس کو مختلف مشن دیے جا سکتے ہیں۔اس کتاب کا آخری حصہ سنائپر کی کمانڈ اینڈ کنٹرول اور سنائپر ٹیکٹس پر روشنی ڈالتا ہے۔سنائپر ٹیکٹس میں جن اہم موضوعات پر بات کی گئی ہے ان میں فائنل فائرنگ پوزیشن کا چنائو اور تیاری، آبزرویشن اینڈسیرویلنس، کیموفلاج اینڈ کنسیلمنٹ، سنائپر اور سپاٹر ٹیم ورک، ہیوی سنائپنگ رائفل کی خصوصیات اورلانگ رینج شوٹنگ کے وہ اصول جو سنائپنگ کے اوپر عمل پیرا ہوتے ہیں، تفصیلاًبیان کیے گئے ہیں۔تاخیری قذفیات کا ذکر کرتے ہوئے لانگ رینج شوٹنگ کے ایک اہم پہلو کی طرف توجہ مرکوز کروائی گئی ہے۔اکثر شوٹرز، ہنٹرز اور سنائپر ز کو تاخیری قذفیات کا زیادہ علم نہیں ہوتا۔ کتاب کا اختتامی حصہ گولی کے کسی جانور یا انسان کو لگنے اور اس کے بعد کے اثرات کو بیان کرتا ہے ۔ایک ذمہ دار شوٹرکو اپنے ہدف کے اوپر گولی لگنے کے اثرات کا بخوبی علم ہونا اس کو اچھے اور صحیح فیصلے کرنے میں مدد دیتا ہے۔
بہت کم مہارتیں ایسی ہیں جن پر عمل پیرا ہونے والے عوامل آپس میں کافی مختلف لیکن قریبی منسلک ہوتے ہیں۔ لانگ رینج شوٹنگ ایسی ہی ایک مہارت ہے جو مسلسل ریاضت نہ ہونے کی صورت میں جلدہی ذہن سے نکل جاتی ہے۔پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں اس اہم موضوع پر تحقیق جو یہ کتاب مہیا کرتی ہے، کا فی حوصلہ افزا ہے۔پاکستان میں لانگ رینج کمیونٹی کی خوش قسمتی ہے کہ اس ہنر کو پروان چڑھانے اور تقویت بخشنے کے لیے ایسی کتاب رہنما ئی کے لیے موجود ہے۔یہ فن ہماری ثقافت اور تاریخ میں بھی نہایت پسند کیا جاتا ہے۔مجھے یقین ہے کہ بہت جلدیہ فن پاکستان میں نئی رفعتوں کو عبور کرے گا اورہمارے عسکری و سول نشانہ باز بین الاقوامی سطح پرخود کو منوائیں گے۔ ||
یہ تحریر 472مرتبہ پڑھی گئی۔