اداریہ

قومی یکجہتی باہمی روا داری اور ملکی سلامتی

کوئی بھی قوم اُس وقت تک مضبوط اور توانا قوم کے طور پر سامنے نہیں آسکتی جب تک وہ قومی یکجہتی اور باہمی رواداری ایسے اوصاف کی حامل نہ ہو۔ تاریخ گواہ ہے کہ ریاستِ پاکستان اور پاکستانی قوم نے باہم مل کر بڑے سے بڑے چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی اس کی ایک مثال ہے جس میں بڑی بڑی قوتیں اس انداز سے کامیابیاں نہیں سمیٹ سکیں جو خدائے بزرگ و برترنے پاکستانی قوم کوعطا کیں ۔ اس کی واحد وجہ یہ تھی کہ پوری قوم ایک مٹھی کی مانند ہو کر ایک نظریئے اور ایک فکر کو لے کر آگے بڑھی اور پاکستان کو اس عفریت سے چھٹکارا دلوایا۔
صدرِ مملکت جناب عارف علوی نے بھی یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب میں قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا''ہم اپنے قومی مقاصد اور اہداف اسی وقت حاصل کرسکتے ہیں جب ہم اپنی سوچوں میں پاکستان کو مقدم رکھیں، قانون کی حکمرانی پر یقین رکھیں اور سب سے بڑھ کر تمام لسانی، فروعی اور صوبائی تعصبات سے الگ ہو کر قومی یکجہتی کو سربلند رکھیں۔ یاد رکھیں کہ موجودہ زمانے میں فنِ حرب و ضرب روایتی اشکال کے ساتھ ساتھ نئی جہتوں میں بھی چیلنج بن کر ہمارے سامنے کھڑا ہے۔ دورِ حاضر میں سپیس، سائیبر اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی حیرت انگیز ترقی اور بڑھتا ہوا اثر بلاشبہ ایک مسلمہ حقیقت ہے، یقینا جو اقوام اپنی نوجوان نسل کو اور زندگی کے ہر شعبے کو ان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کرسکیں گی، وہ ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جائیں گی۔''
بلاشبہ  ہم جب تک اپنی سوچوں میں وطنِ عزیز پاکستان کو مقدم نہیں رکھیں گے تب تک ان عظیم مقاصد کا حصول ممکن نہیں ہو پائے گا جو بانی ٔ پاکستان قائدِاعظم محمدعلی جناح نے اپنی قوم کے لئے متعین کئے تھے۔ 17 اگست1947 کو قائداعظم نے اپنے ایک خطاب میں کہا تھا '' پاکستان میں زبردست خزانے چھپے ہوئے ہیں مگر اس کو ایسا بنانے کے لئے جو ایک مسلمان قوم کے رہنے سہنے کے قابل ہو، ہمیں اپنی قوت اور اپنی محبت کے زبردست ذخیرے کا ایک ایک ذرہ صرف کرنا پڑے گا اور مجھے اُمید ہے کہ تمام لوگ اس کی تعمیر میں دل و جان سے حصہ ڈالیں گے۔'' 
یقینا اس میں دو رائے نہیں کہ وطنِ عزیز کی سربلندی کے لئے ہمیں بحیثیت قوم اور فرد اپنی منفعت اور مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ریاست کے مفاد کے لئے یک جان ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ہم ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے باہمی یکجہتی کی تصویر بنے آگے بڑھیں گے اور ملکی امن، سلامتی کو ہر حال میں مقدم رکھیں گے تو یقینا کامیابی ہمارے قدم چومے گی اور پاکستان دنیا کا مضبوط ترین اور خوبصورت ترین ملک بن کر اُبھرے گا۔ اﷲہمارا حامی و ناصر ہو۔
 پاکستان ہمیشہ سلامت رہے!!
 

یہ تحریر 51مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP