ہلال نیوز

ضلع دادو میں سیلاب  ـ  پاکستان آرمی کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن

سبز ہلالی پرچم کی سر بلندی اور ناگہانی صورتحال میں پاک فوج کی خدمات کوئی ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔صوبہ بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے جو سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اس میں سیلابی ریلا خضدار سے صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں داخل ہوگیا۔جس کے باعث زیر تعمیر نئی گاج ڈیم کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور 50سے زائد دیہات سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگئے۔اس ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حیدرآباد گیریژن سے پاکستان آرمی کے امدادی دستے بشمول آرمی انجینئرز بوٹس اور میڈیکل ٹیمیں ریسکیو اور ریلیف کے آلات کے ہمراہ فوراً دادو  روانہ ہوئے۔
پاک فوج نے متاثرین کو بذریعہ ہیلی کاپٹر ریسکیو کیا۔ اس کے علاوہ کشتیوں کی مدد سے بھی متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ریلیف آپریشن میں پاکستان آرمی نے میڈیکل کیمپ بھی لگایا۔جہاں لوگوں کو فوری طبی امداد کی سہولیات مہیا کی گئیں نیز متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے کھانے اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔سول انتظامیہ کے مکمل تعاون سے متاثرہ خاندان میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جزل محمد کاشف آزاد نے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کر کے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی ہمت بھی بندھائی۔ 
تمام اداروں کے باہمی تعاون سے ریسکیو آپریشن بغیر کسی جانی نقصان کے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔ اس آپریشن کی خاص بات8 ہندو خاندانوں کا متاثرہ علاقوں سے بحفاظت انخلا ہے جن کو تمام تر سہولیات مہیا کی گئیں۔ متاثرین نے فوری داد رسی اور مکمل تعاون کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔



 

یہ تحریر 31مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP