گزشتہ دنوں کمانڈر ہنگری ایئر فورس، بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر، نے اپنے وفد کے ہمراہ سربراہ پاک فضائیہ،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ہنگری کے ائیر چیف کی جانب سے پاکستان کا یہ پہلا دورہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ شرکت داری میں ایک اہم سنگ میل اور دونوں فضائی افواج کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ یہ تاریخی ملاقات پاکستان اور ہنگری کے مابین دفاعی صنعت اور عسکری شعبے میں بڑھتی ہوئی دو طرفہ شراکت داری کی نشاندہی کرتی ہے۔ معززین نے ملاقات میں مشترکہ تعاون کے کئی اہم شعبوں، بالخصوص عسکری ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگرامز میں باہمی اشتراک کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر زور دیا۔ پاکستان اور ہنگری کی فضائی افواج جلد ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دیں گی جس کے تحت پاک فضائیہ کی جانب سے ہنگری ایئر فورس کے لڑاکا پائلٹس کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت فراہم کی جائے گی۔
ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق چوبند دستے نے بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس کا تعارف بھی کروایا گیا۔
یہ تحریر 203مرتبہ پڑھی گئی۔