ہلال نیوز

بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن 

مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے دوران پاکستان نیوی نے سندھ اور بلوچستان میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز انجام دے کے ہزاروں افراد کی مدد کی ۔ مشکل میں گرفتار خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور ان کو کھانے پینے کی اشیاء اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا۔مختلف امراض میں مبتلا افراد اور زخمیوں کاعلاج کیاگیا اور ان کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔امدادی کارروائیوں کا یہ سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں ضلع لسبیلہ کے علاقوں اُڑکی، اُتھل، لاکھڑا سمیت دیگر دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے خاندانوں کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ 
کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔



پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے متاثرہ علاقوں میں اپنے گھروں میں محصور افراد کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے امدادی سامان مہیا کیا۔ شدید سیلاب کے باعث متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، ایسے علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا واحد اور مؤثر طریقہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان کی فراہمی ہے۔پا ک بحریہ کے ہیلی کاپٹرزکے ذریعے ضلع لسبیلہ کے دور دراز دیہی علاقوں میں راشن کے تھیلے، پکا ہوا کھانا اور امدادی سامان پہنچانے کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے امدادی آپریشن کے دوران  شدید بیماری میں مبتلا مریضوں سمیت سیلاب میں پھنسے افراد کو بچایا اورطبی امداد کے لیے انہیں اتھل منتقل کیا۔
 سیلاب کے باعث بے گھرہونے والی مقامی آبادی کے لیے پاک بحریہ نے اتھل کے قریب بیلہ میں خیمہ بستی قائم کی ۔خیمہ بستی میں بے گھر افراد کو خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ علاوہ ازیں مقامی لوگوں کو ابتدائی طبی امداد اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے علاقے میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
پاک بحریہ، سول حکومت اور مختلف فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ لوگوں کو مسلسل امداد فراہم کر رہی ہے جبکہ شدیدمتاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ بلوچستان میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
 

یہ تحریر 302مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP