اداریہ

ایک قوم ، ایک منزل

ملک بھر میں ہر برس یومِ پاکستان بھر پور عزم اور جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے ۔23 مارچ1940 کو  لاہور کے منٹو پارک میں قیامِ پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی اور صرف سات برس کے قلیل عرصے میں قائداعظم محمدعلی جناح کی اولوالعزم قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کی صورت میں ایک خطہ حاصل کرنے میں کامیاب ٹھہرے جو آج الحمدﷲ پوری آزادی اور خود مختاری کے ساتھ ترقی کی منازل طے کررہاہے۔یوں پاکستانی قوم یومِ پاکستان کے موقع پر تجدید وفا کرتی ہے کہ وہ پاک سرزمین کے لئے اپنا تن، من،  دھن نچھاور کرنے سے کبھی دریغ نہیں کرے گی اورپورے وقار اور تمکنت سے اپنے وطن کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
قائداعظم محمدعلی جناح نے 23 مارچ 1940 کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں کہا تھا ''اپنی تنظیم اس طور پر کیجئے کہ کسی پر بھروسہ کرنے کی ضرورت نہ رہے ۔ یہی آپ کا واحد اور بہترین تحفظ ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم کسی کے خلاف بدخواہی یا عناد رکھیں۔ اپنے حقوق اور مفاد کے تحفظ کے لئے وہ طاقت پیدا کر لیجئے کہ آپ اپنا دفاع کرسکیں۔'' یوں قائداعظم محمدعلی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے مستقبل کے لئے رہنما اصول متعین کردیئے تھے اور باور کرادیا تھا کہ کسی بھی قوم کی اپنی تنظیم ہی وہ وصف ہوتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر قومیں مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی جاتی ہیں اور انہیں سہاروں کی ضرورت نہیں رہتی۔
تاریخ گواہ ہے کہ کوئی بھی قوم جہاں جہاں کمزور پڑی اُسے خسارے اورہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب جب بھی کوئی قوم یکجان رہی اور باہم مل کر چیلنجز کا مقابلہ کیا تو کامیابیوں نے اس کے قدم چُومے۔ وطنِ عزیز پاکستان کو بار ہا دشمن کی جارحیتوں  اور سازشوں کا شکار ہونا پڑالیکن قومی و ملی اتحاد کے بل پر یہ قوم سرفراز رہی۔ دو دہائیوں سے جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ہماری قومی یگانگت اور اتحاد کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ حال ہی میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل افتخار بابر نے آپریشن رد الفساد، جو 22 فروری 2017 کو چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں شروع کیاگیا تھا، کے چار برس مکمل ہونے پر کہا کہ سکیورٹی فورسز نے عوام کی مدد سے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ہر پاکستانی کو ردا لفساد کا سپاہی قرار دیاتھا۔ یقینا آج پاک سرزمین میں جو امن اور سکون ہے وہ ہماری سکیورٹی فورسز کے جوانوں، افسروں اور دیگر پاکستانی شہریوں کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔
 رواں برس کا یومِ پاکستان بھی اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستانی قوم جذبوں سے لبریزایک ایسی قوم ہے جو اپنی جدو جہد ، باہمی اخوت اور یکجہتی کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد
 

یہ تحریر 63مرتبہ پڑھی گئی۔

TOP