ہلال نیوز

گلگت  بلتستان دنیا کا خوبصورت خطہ ہے، جو سیاحوں  کے لئے جنت سے کم نہیں - وزیرِاعظم عمران خان

وزیرِاعظم پاکستان کی تقریب جشنِ آزادی گلگت  بلتستان میں شرکت اور حاضرین سے خطاب

گزشتہ دنوں گلگت  بلتستان کے عوام نے 72واںجشن آزادی پورے جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔ اس حوالے سے سب سے بڑی تقریب ہیلی پیڈ گراؤنڈ گلگت میں منعقد ہوئی۔ اس اہم تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم پاکستان عمران خان تھے۔ اس موقع پر پاک آرمی، سکیورٹی فورسز اور بوائے سکاوٹس کے دستوں نے وزیر اعظم کو سلامی پیش کی۔ گلگت  بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار ملک کے وزیر اعظم نے جشن آزادی گلگت  بلتستان کی تقریبات میں شرکت کی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت  بلتستان کے بہادر عوام نے ڈوگرہ راج کے خلاف جنگ لڑ کر خطے کو آزاد کرایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ گلگت  بلتستان دنیا کا وہ خوبصورت خطہ ہے جو سیاحوں کے لئے جنت سے کم نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر خطے میں سیاحت کے فروغ کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کر وائی۔
یاد رہے کہ یکم نومبر 1947کو گلگت  بلتستان کے غیور عوام بے سروسامانی کے عالم میں ڈوگرہ راج کے خلاف عَلم بغاوت بلند کرتے ہوئے ڈوگرہ فوج پر حملہ آور ہوئے اور اٹھائیس ہزار مربع میل پر پھیلا ہوا علاقہ آزاد کرایا۔ اس طرح یکم نومبر1947کو گلگت  بلتستان ایک آزاد خطے کی شکل میں دنیا کے نقشے پر ابھر ا۔ راجہ شارائیس خان آزاد جمہوریہ گلگت کے پہلے صدر تھے پندرہ روز بعد 16نومبر 1947گلگت  بلتستان کے عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا اور ہائی سکول گلگت کے گراؤنڈ میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ جس کے بعد حکومت پاکستان کے پہلے پولیٹکل ایجنٹ سردار عالم نے گلگت آکر چارج سنبھال لیا۔ گلگت  بلتستان کو2009میں تقریباً صوبائی سیٹ اپ دے دیا گیا بلکہ حکومت پاکستان نے یہاں کے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے شمالی علاقہ جات کے نام سے پکارے جانے والے اس علاقے کا نام تبدیل کرکے گلگت  بلتستان رکھا۔ گلگت  بلتستان کے عوام کو صوبائی سیٹ اپ ملنے کے بعد ان کے مسائل اب گلگت  بلتستان میں ہی حل ہورہے ہیں اور خطے کے عوام اپنے روشن مستقبل کے لئے پُر امید ہیں۔ گلگت  بلتستان کے عوام نے اپنے وطن پاکستان کیلئے ہر میدان میں لازول قربانیں دی ہیں جن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ۔  



 

Read 97 times


Share Your Thoughts

Success/Error Message Goes Here
Note: Please login to your account and leave your thoughts on this article.

TOP