گزشتہ دنوں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سندھ کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران چیف آف آرمی سٹاف کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، سندھ میں کچے کے علاقے میں آپریشن، سی پیک ، نان سی پیک، نجی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی، غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، سندھ میں SIFC کے اقدامات اور گرین سندھ کے اقدامات پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ "ایل ای اے اور دیگر سرکاری محکمے غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کو پوری طاقت سے جاری رکھیں گے تاکہ وسائل کی چوری اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے۔"
چیف آف آرمی سٹاف نے تاریخی اقدامات کے فائدہ مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی نے ان کااستقبال کیا۔
Read 221 times