ہلال نیوز

پاک نیوی کی اورماڑہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں راشن کی تقسیم

گزشتہ دنوں پاک بحریہ کے ہیڈکوارٹرز کمانڈر ویسٹ اور جناح نیول بیس کی ہدایت پر اورماڑہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں 6th ایف پی بٹالین کی جانب سے راشن تقسیم کیا گیا۔اس فلاحی سرگرمی میں فلاحی تنظیم ساحل کا تعاون بھی حاصل تھا۔اس موقع پر کمانڈر ویسٹ ریئر ایڈمرل جواد احمد نے کہا کہ پاک بحریہ ساحلی علاقوں کے مکینوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے شب وروز کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کابھی اظہار کیا کہ پاک بحریہ ساحلی علاقوں میں صحت، معیاری تعلیم اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔



 ہیڈ کوارٹر کوسٹل کمانڈ کے زیر انتظام ہیڈ کوارٹر سپیشل سروس گروپ (نیوی) بریگیڈ کی جانب سے بن قاسم اور گھارو کے مضافاتی علاقوں کے ضرورت مند گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ علاوہ ازیں، فلاحی تنظیم ساحل اور دیگر فلاحی تنظیموں کے تعاون سے سجاول، ٹھٹھہ، کیٹی بندر، شاہ بندر، جاتی، کلکہ چھانی اور گھارو کے گوٹھوں اور دیہاتوں کے مستحقین میں بھی راشن تقسیم کیا گیا۔ بلوچستان کے ضلع خضدار کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوئی جس سے معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر ہوئے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں مشکل میں گرفتار خاندانوں کی مدد اور امدادی سر گرمیوں میں تعاون کے غرض سے پاک بحریہ نے امدادی سامان متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کیا۔ اِن امدادی سر گرمیوں میں فلاحی تنظیم ساحل کا تعاون بھی حاصل تھا۔ 
سٹیشن کمانڈر کوئٹہ پاک بحریہ کے کیپٹن محمد ایاز پنیزئی نے امدادی سامان ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ریٹائرڈ) الیاس کبزئی کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ان علاقوں کی مقامی آبادی اورمعززین نے پاک بحریہ کے فلاحی اقدامات کو سراہا اور ساحلی علاقوں میں تسلسل کے ساتھ سہولیات فراہم کرنے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔
 

Read 78 times


TOP