ہلال نیوز

پاک فضائیہ خطے میں پاکستان کی سا  لمیت اور وقار  کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہے: سربراہ پاک فضائیہ

 پاک فضائیہ نے07 ستمبر2021کا دن ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر یوم شہدا کے طور پر منایا۔ دن کا آغاز 1965اور 1971کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعائوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔



اسی سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدکی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ 07ستمبر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال سے باخبر ہے اور پاکستان کی سا  لمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہے۔ اس خاص دن کے موقع پر انہوں نے ان تمام کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر لڑتے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، افسران، ائیر مین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 
قبل ازیں اس تاریخی دن کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر)کی قبر پر ائیر وائس مارشل زعیم افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہداء کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئیں۔
 

Read 66 times


TOP