متفرقات

پاک فوج تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کی فاتح قرار

 تائیکوانڈو دنیاکا مقبول ترین کھیل ہے۔ پاکستان میں اس کھیل کو ورلڈ تائیکوانڈوفیڈریشن،ایشین تائیکوانڈو فیڈریشن اورپاکستان  تائیکوانڈو فیڈ ر یشن کے تعاون سے پرموٹ کیا جارہا ہے تاکہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا جا سکے۔ خاص کربچوں اور جوانوں کو کھیل کود سے جو خوشی ملتی ہے وہ کسی اورچیز سے حاصل نہیں ہوتی، وہ گھنٹوں کھیل کود میں مگن رہیں تب بھی ان کا دل نہیں بھرتا اور وہ کھیلوں سے ہی حقیقی خوشی حاصل کرتے ہیں، اس طرح ان کی پریشانیاں اور الجھنیں دور ہو تی ہیں اور انہیں کچھ کر گزرنے کا احساس طمانیت بخشتا ہے۔ اس کے علاوہ کھیل ان کی شخصیت میں محنت اور فیصلہ سازی کی صفات کو پروان چڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ 



تائیکوانڈو بھی ایسا ہی ایک کھیل ہے۔بنیادی طور پر یہ مارشل آرٹس کی ایک قسم ہے جسے کوریا کے ماہرین نے چینی مارشل آرٹس اور اپنے مقامی مارشل آرٹس کے امتزاج سے پروان چڑھایا۔ اس میں مخالف کے سرتک اپنا پیر اٹھا کر، جمپ کرکے، گھوم کر یا تیزرفتاری سے ککس مارنے کی صلاحیت حاصل کی جاتی ہے۔ تائیکوانڈو کی جو تربیت دی جاتی ہے، ا سے ڈوجن کہتے ہیں (جاپانی زبان میں ڈوجو بھی کہا جاتاہے)۔ یہاں مارشل آرٹس کے ماہرین ہاتھوں اور پیروں کی مدد سے سیلف ڈیفنس، نظم و ضبط اور صحت کو بہتر رکھنے جیسے عوامل سکھانے میں مدد کرتے ہیں۔تائیکوانڈو یا مارشل آرٹ سے جڑی ایک غلط فہمی یہ بھی ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اس کی وجہ سے لوگ جارحانہ رویّے کے حامل ہوجاتے ہیں حالانکہ ایسا نہیں ہے بلکہ یہ جارحانہ  رویّے کو کم کرنے میں بے حد معاون ثابت ہوتا ہے۔



 پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے عامر خان باکسنگ جمنازیم میں چودہویں کورین ایمبیسڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا انعقاد کیاگیا اس موقع پر شاندار انتظامات کئے گئے۔ کھلاڑیوںنے بھر پور جوش اور جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ تقریب میں ویمن ونگ کی میڈم شمیم انٹرنیشنل تائیکوانڈو سٹار ناجیہ خان ، مرتضیٰ بنگش ، صداقت حسین، عرفان رانا ، محمد اشرف کے علاوہ کثیر تعداد میں شائقین نے شر کت کی۔ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے قومی ہیروز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرکے ٹرافی پاکستان آرمی کے نام کردی۔ اس عظیم کامیابی میں آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔ قومی ایونٹ میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد ، ایئر فورس اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے اپنی قسمت آزمائی ۔ پاکستان ایئر فورس سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شاہ زیب ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ایونٹ میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے 16 گولڈ، سات سلور، چھ برونز میڈل اور80پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان واپڈا نے تین گولڈ، دس سلور اور بارہ برونز میڈلز کے ساتھ دوسری، ایئر فورس کی ٹیم نے دو گولڈ، چار سلور اور دس برونزمیڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی ، جونیئر زکے مقابلوں میں کے پی کی ٹیم نے دو گولڈ، دو سلور، اور ایک برونز میڈل کے ساتھ پہلی، سندھ کی ٹیم نے دو گولڈ، ایک سلور کے ساتھ دوسری، اور ایئر فورس نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کیڈٹ کیٹگری میں اسلام آباد نے ایک گولڈ کے ساتھ پہلی، پاکستان ایئر فورس نے دوسری اور سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل(ر) وسیم جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیں نہایت عزیز ہے اور ہمیں مل کر اس کے وقا رکو بلند کرنا ہوگا۔ حکومت کو اس کھیل کو پرموٹ کرنے کے لئے فیڈریشنز کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ ہلال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ مستقبل میں قومی سطح کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ملک میں تائیکوانڈو کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ہمیں نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہوگا اورکورین حکومت کی معاونت سے اس کھیل کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ 



 پاکستان آرمی تائیکوانڈو ٹیم کے کوچ شہزاد کا کہنا ہے کہ تائیکوانڈو میرا جنون ہے اور میں نے بطور کھلاڑی پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی اعزازت ملک کے نام کئے ہیں۔ آرمی کی ٹیم کی کامیابی کھلاڑیوں کی محنت کا ثمر ہے اور آرمی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ،کھیلوں کی ترقی میں آرمی کا کردار قابل ستائش ہے۔
 
 

Read 17 times


TOP