ہلال نیوز

بیس ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا نیول ہیڈ کوارٹرز اور پی این ڈاک یارڈ کا دورہ


بیس ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا نیول ہیڈ کوارٹرز اور پی این ڈاک یارڈ کا دورہ
گزشتہ دنوںنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کی 20 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور پاکستان نیوی ڈاک یارڈ کا دورہ کیا۔وفدمیں سیاستدان، پارلیمانی ممبران، بیوروکریٹس، سفارتکار، مسلح افواج کے سینیئر افسران سمیت میڈیا اور تاجر برادری کے نمائندگان شامل تھے۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ فارسٹریٹیجک سٹڈیز، ریسرچ اینڈ انیلیسز

(ISSRA)

 میجر جنرل محمد ثمریز سالک کر رہے تھے۔
دورئہ نیول ہیڈ کوارٹرز کے دوران وفد کو میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز اور ان سے نبرد آزما ہونے کے لائحہ عمل اور پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں پر بریفنگ دی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وفد کے شرکاء سے خطاب کیا اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں پاک بحریہ کے اقدامات،میری ٹائم سکیورٹی اورمیری ٹائم دفاع سے حاضرین کو آگاہ کیا ۔ 
ڈاک یارڈ آمد پر وفد کے شرکاء کو پاک بحریہ کے فلیٹ کی صلاحیتوں، فرائض اور افعال، کوسٹل کمانڈ کے سیٹ اپ اور بحریہ کے لاجسٹک انفرا سٹرکچر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور کمانڈر لاجسٹکس ریئر ایڈمرل عمران احمد بھی اِس موقع پر موجود تھے جنہوں نے وفد کے شرکا ء سے ملاقات کی اور مختلف اُ مورپر تبادلہ خیا ل کیا۔ دورے سے وفدکے ارکان کو شمالی بحیرہ عرب کی موجودہ جیو اسٹریٹیجک صورت حال اور ملک کو درپیش میری ٹائم چیلنجزاور اس ضمن میں پاک بحریہ کے کردار کو سمجھنے کا بہترین موقع حاصل ہوا۔ بعد ازاں، وفد نے پاک بحریہ کی آبدوزحرمت اور پی این ایس ذوالفقارکا دورہ بھی کیا۔


پاک بحریہ کا انسدادِ منشیات آپریشن
پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سمندر اور ساحلی خطے میں ہونے والی سر گرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں مسلسل گشت اور نگرانی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور کسی بھی مشکوک سر گرمی کی اطلاع کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔خفیہ معلومات پر آپریشن کرتے ہوئے پاک بحریہ نے حال ہی میں اورماڑہ کے قریب حشیش کی بڑی مقدار قبضے میں لی۔قبضے میں لی جانے والی حشیش کی مالیت کئی لاکھ ڈالر ہے۔ پاک بحریہ کا یہ کامیاب آپریشن خفیہ معلومات کو مسلسل اکٹھا کرنے اور مستقل نگرانی کے بعد کیا گیا۔انسدادِ منشیات فورس کے تعاون سے کئے جانے والے اس پیچیدہ اور مشکل آپریشن میں تقریبا 1500 کلو گرام حشیش قبضے میں لی گئی جسے مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا۔  
منشیات کے خلاف کامیاب آپریشن اس بات کا مظہر ہے کہ پاک بحریہ اپنے ساحل اور سمندر کو غیر قانونی سرگرمیوںسے محفوظ بنانے کے لئے پر عزم ہے اور بحرہند میں قانون کی عملداری قائم کرنے کی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاںہے۔



 

Read 78 times


Share Your Thoughts

Success/Error Message Goes Here
Note: Please login to your account and leave your thoughts on this article.

TOP