ہلال نیوز

ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی اورہیڈکوارٹرز  سبی سکائوٹس میں پاسنگ آئوٹ پریڈز کاانعقاد

گزشتہ دنوں فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ) کے زیراہتمام ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی اور ہیڈکوارٹرز سبی سکائوٹس میں بالترتیب 66 بیچ فیز۔1 کے ریکروٹس اور لیڈی ریکروٹس کے بیچ ـ2 کی پاسنگ آئوٹ پریڈز کا علیحدہ علیحدہ انعقاد کیا گیا۔ ان دونوں تقریبات کے مہمانِ خصوصی آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ تھے۔ مہمانِ خصوصی نے پاسنگ آؤٹ پریڈز کا معائنہ کیا اور تمام ریکروٹس کو اپنی ٹریننگ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔



ٹریننگ کورس کے دوران ریکروٹس کو ملٹری کی بنیادی تربیت دی گئی جس میں فائرنگ، فزیکل فٹنس اور غیر روایتی جنگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی میں 66 بیج فیز۔1 کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 1140 ریکروٹس اپنی ٹریننگ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوئے۔ یہ تقریب فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کی تاریخ میں اِس لحاظ سے اہمیت کی حامل تھی کہ پاس آئوٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کا تعلق صوبہِ بلوچستان سے تھا۔ اس کا مقصد ناصرف بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرکے طاقتور بنانا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی محفوظ بنانا ہے۔
اس موقع پراپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام ریکروٹس، لیڈی ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کی اور ان کی  ذمہ داریوں کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایف سی کے جھنڈوں کو شاندار بلوچ روایات کے مطابق سر بلند رکھیں۔ پاکستان کی سول آرمڈ فورسز عسکری تربیت اور جنگی تقاضوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ) نے ہر قسم کے حالات کا سامنا انتہائی پروفیشنل طریقے سے کیا ہے۔ آئی جی ایف سی نے بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ شہداء کو قوم کی بقاء قرار دیا۔  
 دوسری جانب ہیڈکوارٹرز سبی سکاؤٹس میں ہونے والی لیڈی ریکروٹس کے بیچ ـ2 کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں بھی اکثر لیڈی ریکروٹس کا تعلق بلوچستان کی پشتون اور بلوچی برادری سے تھا۔ لیڈی ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے انہیں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فخر، عزت اور وقار کے ساتھ خدمات سرانجام دینے کی تلقین کی۔ 
آخر میں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس اور لیڈی ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ 66 بیج ریکروٹس فیز۔1میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ عبدالرزاق جن کا تعلق ضلع موسیٰ خیل سے ہے،کو آئی جی ایف سی کی اعزازی چھڑی سے نوازا گیا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ محمد فہیم جن کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، کو آئی جی ایف سی میڈل سے نوازا گیا۔ لیڈی ریکروٹس میں بھی پہلی اور دوسری پوزیشنز حاصل کرنے والی ریکروٹس کو نقد انعامات اور اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔
(رپورٹ : میجر عبدالوہاب ایوب
 

Read 105 times


TOP