گزشتہ دنوں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ باہمی و دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور حالیہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی بالخصوص خودانحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔ انہوں نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں اسٹریٹجک شراکت داروں کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ "پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں"۔ دونوں فریقین نے خاص طور پر تربیت اور آپریشنل شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
Read 503 times